All posts by Khabrain News

پاکستان کی معیشت درست سمت میں گامزن ہے، عطاءاللہ تارڑ

وفاقی وزیراطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت درست سمت میں گامزن ہے۔

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ اور بحرین کے وزیر برائے اطلاعات رمضان بن عبداللہ النعیمی کے درمیان ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان میڈیا تعاون کو وسعت دینے، مہارتوں کے تبادلے اور مشترکہ منصوبوں کو فروغ دینے کے عزم کا اظہارکیا گیا۔

وزیراطلاعات عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معیشت درست سمت میں گامزن ہے۔ عالمی سرمایہ کاروں کے لئے پاکستان میں سرمایہ کاری کا بہترین موقع ہے۔ پاکستان اور بحرین کے برادرانہ تعلقات انتہائی مضبوط اور مشترکہ عقیدے، تاریخ اور ثقافت پر مبنی ہیں۔ میڈیا کے شعبوں میں روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لئے میڈیا وفود کے تبادلے انتہائی اہم ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے بحرین کی نیوز ایجنسی بی این اے اور پاکستان کی سرکاری نیوز ایجنسی اے پی پی کے درمیان خبروں کے اشتراک کی تجویز دی۔

بحرین کے وزیراطلاعات رمضان بن عبداللہ النعیمی نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ بحرین اور پاکستان کے تعلقات قیادت کی دانشمندانہ رہنمائی کے تحت مختلف شعبوں میں مسلسل ترقی کر رہے ہیں۔ بحرین کے وزیر اطلاعات نے میڈیا کے شعبے میں تعاون کو مزید مستحکم کرنے اور مشترکہ کامیابیوں کو فروغ دینے کے لئے بحرین کے عزم کا اعادہ کیا۔

آرمی چیف کا برطانیہ کے جنرل رولینڈ واکر کی دعوت پر وار منسٹر اور لارک ہل گیریژن کا دورہ

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اپنےد ورۂ برطانیہ کے دوران وار منسٹر اور لارک ہل گیریژن کا دورہ کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف سید عاصم منیر نے برطانوی آرمی چیف جنرل رولینڈ واکر کی دعوت پر وار منسٹر اور لاک ہل گیریژن کا دورہ کیا، جہاں انہیں برطانوی فوج اور ڈیپ ریک اسٹرائیک بریگیڈ  کے پروجیکٹس کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر آرمی چیف نے آرٹی فیشل انٹیلی جنس اور بغیر پائلٹ سسٹمز سمیت دیگر جدید ٹیکنالوجیز کا مشاہدہ کیا۔ دورے کے دوران آرمی چیف کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

یاد رہے کہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر رائل ملٹری اکیڈمی سینڈہرسٹ میں ساتویں علاقائی استحکام کانفرنس میں شرکت کے لیے 2 روز قبل برطانیہ پہنچے تھے۔

بھارتی اداکار کرن واہی اداکاری کے ساتھ اب نیا کیا کر رہے ہیں؟

بھارتی ٹیلی وژن کی دنیا کے چاکلیٹی ہیرو کرن واہی نے اداکاری کے ساتھ ساتھ اب کاروبار کی دنیا میں بھی قدم رکھ دیا ہے۔ انہوں نے دبئی کے دلکش علاقے ڈی آئی ایف سی میں ’’سلے بار اینڈ کچن‘‘ کے نام سے اپنا پہلا ریسٹورنٹ کھولا ہے۔

کرن واہی نے اپنے ریسٹورنٹ کو ایک منفرد بوہیمین- شِک تھیم دی ہے، جو دبئی کے روایتی ریسٹورنٹس سے بالکل مختلف ہے۔

ریسٹورنٹ کا اندرونی حصہ نیم سحر انگیز روشنیوں، آرام دہ فرنیچر اور دلکش آرائش سے سجا ہوا ہے۔ 180 نشستوں پر مشتمل اس ریسٹورنٹ میں انڈور اور آؤٹ ڈور دونوں طرح کی بیٹھنے کی سہولت موجود ہے۔

سلے بار اینڈ کچن کے مینو میں دنیا بھر کے لذیذ کھانوں کا امتزاج ہے۔ یہاں آپ کو چھوٹے پلیٹس، برگرز، پیزا اور بہت کچھ ملے گا۔ اس کے علاوہ، کیما پاؤ، دال فرائی اور دیگر مزیدار ہندوستانی پکوان بھی دستیاب ہیں۔

کرن واہی نے اس ریسٹورنٹ کو کھولنے کےلیے یتن کُکریجا کے ساتھ شراکت داری کی ہے۔ ان دونوں نے مل کر دبئی کے ڈی آئی ایف سی علاقے میں ایک ایسی جگہ بنائی ہے جو آرام اور خوبصورتی کا بہترین امتزاج ہے۔

کرن واہی نے اپنے اس نئے کاروباری سفر کے بارے میں بتایا کہ وہ ہمیشہ سے ایک ایسی جگہ بنانے کا خواب دیکھ رہے تھے، جہاں لوگ آرام دہ ماحول میں دنیا بھر کے ذائقوں سے لطف اندوز ہو سکیں۔ انہوں نے کہا، ’’میں چاہتا تھا کہ ’سلے بار اینڈ کچن‘ نہ صرف کھانے کےلیے ایک جگہ ہو، بلکہ یہ ایک ایسا تجربہ ہو جو لوگوں کو یاد رہے۔‘‘

افغان شہریوں کو جعلی پاکستانی پاسپورٹ پر اٹلی بھجوانے والے 2 ایجنٹ گرفتار

فیڈرل انویسٹیگیشن ایجنسی ( ایف آئی اے) کوہاٹ زون نے افغان شہریوں کو جعلی پاکستانی پاسپورٹ پر اٹلی بھجوانے والے 2 ایجنٹوں کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ایف آئی اے لنک آفس اٹلی کی نشاندہی پر انسانی اسمگلروں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ جعلی پاکستانی پاسپورٹ پر افغان شہریوں کو اٹلی بھجوانے والے ایجنٹوں کی شناخت شفیع اللہ اور خورشید کے نام سے ہوئی۔

ملزمان کو وزیرستان پلازہ، صدر پشاور میں قائم ایک خفیہ دفتر سے گرفتار کیا گیا۔ اس سے قبل بھی ملزمان کی گرفتاری کے لئے تھل اور ہنگو میں چھاپے مارے گئے تھے۔ ایجنٹوں کو جدید وسائل اور ہیومن انٹیلیجنس کو استعمال کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔

ملزمان افغان شہریوں کو جعلی پاکستانی پاسپورٹس پر کابل سے سعودی عرب اسمگل کرنے میں بھی ملوث پائے گئے ہیں۔ چھاپے کے دوران ملزمان کے قبضے سے 15 پاکستانی پاسپورٹ اور موبائل فونز برآمد ہوئے۔

ملزمان کے موبائل فون سے پاکستانی اور افغان پاسپورٹس سے متعلق معلومات اور دیگر شواہد بھی برآمد ہوئے۔ ریکارڈ کے مطابق گرفتار ملزمان ایف آئی اے پشاور زون کو بھی انسانی سمگلنگ کے مقدمے میں مطلوب تھے۔

ایف آئی اے کے مطابق ملزمان متعدد شہریوں سے ویزا فراڈ کر کے بھاری رقوم بٹور چکے تھے۔ گرفتار ملزمان سے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

5 ہزار کے جعلی نوٹ بنانے اور رقم ڈبل کرنے کا جھانسا دینے والا گروہ پکڑا گیا

5 ہزار روپے کے جعلی نوٹ بنانے اور رقم ڈبل کرنے کا جھانسا دینے والا گروہ پولیس کے ہتھے چڑھ گیا۔

اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ نے سپر ہائی وے سروس روڈ جمالی پل کے قریب جعلی کرنسی پھیلانے کے الزام میں 4 ملزمان ظہیر علی ، حنیف ، ظفر ور گل شیر علی کو گرفتار کر کے ان قبضے سے 5 ہزار روپے مالیت کے 6 جعلی نوٹ ، 2چھوٹی بوتلوں میں سیاہ و سرخ رنگ اور شیشے کے 2 ٹکڑے برآمد کیے ہیں ۔

ملزمان سادہ لوح افراد کو شیشے کے سانچے سے پاکستانی کرنسی نوٹ بنانے اور رقم ڈبل کرنے کا جھانسا دے کر لوٹتے تھے جب کہ ملزمان شہر کے مختلف علاقوں میں جعلی کرنسی نوٹ سپلائی بھی کرتے ہیں ۔

پاکستان کے دو بڑے بلے بازوں کے نام بھی کم ترین اسٹرائیک ریٹ میں شامل

سال 2023 کے ون ڈے ورلڈ کپ کے بعد کم ترین انٹرنیشنل اسٹرائیک ریٹ میں پاکستان کے دو بڑے بلے بازوں کے نام بھی شامل ہوگئے۔

کم ترین انٹرنیشنل اسٹرائیک ریٹ میں بابراعظم 76.29 کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں، انہوں نے 10 اننگز میں 352 رنز بنائے جبکہ بنگلا دیش کے بیٹر مہدی حسن میراز 10 اننگز میں 352 رنز بنا کر 72.27 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں۔

محمد رضوان نے 11 اننگز میں 78.77 اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 438 رنز بنائے ہیں۔

بنگلا دیش کے نجم الحسین شانتو نے 8 اننگز میں 84.43 کے اسٹرائیک ریٹ سے 358 رنز اسکور کیے جبکہ آسٹریلوی بیٹر اسٹیو اسمتھ 12 اننگز میں 347 رنز بنا چکے، ان کا اسٹرائیک ریٹ 85.25 ہے۔

واضح رہے کہ چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے افتتاحی میچ میں بھی بابراعظم اور محمد رضوان کا اسٹرائیک ریٹ اچھا نہیں رہا تھا جبکہ پاکستان کو نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا بھی کرنا پڑا۔

کراچی پر بادل چھا گئے، برسیں گے یا نہیں؟ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کردی

شہر قائد پر آج صبح ہی سے بادلوں کا سایہ ہے جب کہ بادل برسنے کے حوالے سے محکمہ موسمیات کی جانب سے پیش گوئی کی گئی ہے۔

جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب  اہل کراچی کے لیے پچھلے دنوں کی نسبت ٹھنڈی رہی جب کہ صبح ہی سے شہر ابرآلود بھی ہے۔ بلوچستان کے راستے ملک میں داخل ہونے والے مغربی سلسلے کے اثرات  شہر پر نظر آنا شروع ہو گئے ہیں۔

آج شہر کا کم سے کم پارہ گزذشتہ روز کے مقابلے میں 1.5 ڈگری گرگیا  اور 18 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔

کراچی میں  آج دن بھر مطلع جزوی اورمکمل ابرآلود رہنے کی توقع ہے۔ اس کے ساتھ ہی شام اور  رات کے اوقات میں شہر کے مختلف علاقوں میں بونداباندی اور پھوار ہوسکتی ہے۔

ذہنی دباؤ صحت کےلیے خطرناک؛ بچاؤ کےلیے کیا اقدامات کیے جائیں؟

ذہنی یا اعصابی دباؤ ہماری سوچ سے کہیں زیادہ خطرناک ہو سکتا ہے۔ یہ نہ صرف ہماری ذہنی صحت کو متاثر کرتا ہے، بلکہ جسمانی صحت پر بھی منفی اثرات مرتب کرتا ہے۔

ڈپریشن یا اضطراب کے دوران تمباکو نوشی اور شراب نوشی جیسی عادات پھیپھڑوں کے کینسر کے خطرے کو 6 فیصد تک بڑھا دیتی ہیں۔

ذہنی دباؤ مختلف وجوہات کی بنا پر ہوتا ہے، لیکن اکثر لوگ اس کے اثرات کو نظرانداز کر دیتے ہیں، جو صحت کے لیے درست نہیں ہے۔

ہماری تیز رفتار اور مصروف زندگی میں اعصابی دباؤ کی علامات کو سمجھنا اور انہیں جلد پہچاننا بہت ضروری ہے۔ یہ عمل نہ صرف موثر علاج ممکن بناتا ہے، بلکہ بہتر نتائج کا بھی باعث بنتا ہے۔

ذہنی دباؤ کے خطرناک اثرات

ایک رپورٹ کے مطابق، ذہنی دباؤ اگر بڑھ جائے تو یہ ہمارے مدافعتی نظام، بلڈ پریشر، دل کی صحت، اور نیند کے معیار کو بری طرح متاثر کر سکتا ہے۔ اعصابی خرابی، جسے عام طور پر ذہنی خرابی بھی کہا جاتا ہے، کوئی طبی اصطلاح نہیں ہے، بلکہ یہ شدید ذہنی پریشانی کے دور کو بیان کرنے کا ایک عام طریقہ ہے۔

احتیاط اور علاج کے طریقے

ابتدائی درجے کے ذہنی دباؤ کو روزمرہ کی زندگی میں کچھ مثبت تبدیلیوں کے ذریعے کم کیا جا سکتا ہے۔ مثال کے طور پر، صبح جلدی اٹھ کر نماز فجر کے بعد سیر کو اپنا معمول بنائیں۔ تفریحی سرگرمیوں میں حصہ لیں، دوستوں اور گھر والوں کے ساتھ وقت گزاریں، اور فلاحی کاموں میں شامل ہوں۔ اپنی صحت اور خوراک پر خصوصی توجہ دیں۔

غصے اور تنہائی سے بچیں

اگر کسی بات پر غصہ آئے، تو اس ماحول سے فوری طور پر نکلنے کی کوشش کریں۔ خود اعتمادی پیدا کریں اور دوسروں سے زیادہ توقعات نہ رکھیں۔ تنہائی سے دور رہیں اور مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب ہوں۔ جو چیزیں حاصل نہ ہو سکیں، ان کے بارے میں سوچنے سے گریز کریں۔

مسکن ادویات سے پرہیز

مسکن یا خواب آور ادویات کا سہارا لینے سے گریز کریں۔ یہ ادویات عارضی طور پر سکون تو فراہم کر سکتی ہیں، لیکن ان کے مضر اثرات طویل مدت میں شدید ہو سکتے ہیں۔

ذہنی دباؤ سے نمٹنے کے لیے مثبت طرزِ زندگی اپنانا بہترین حل ہے۔ روزمرہ کی معمولات میں چھوٹی چھوٹی تبدیلیاں لا کر آپ نہ صرف اپنی ذہنی صحت کو بہتر بنا سکتے ہیں، بلکہ جسمانی صحت کو بھی برقرار رکھ سکتے ہیں۔ یاد رکھیں، ذہنی دباؤ کو نظرانداز کرنا صحت کے لیے خطرناک ہو سکتا ہے، اس لیے اس پر توجہ دینا اور بروقت اقدامات کرنا بہت ضروری ہے۔

گوہر رشید اور کبریٰ خان کی مہندی کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل

حال ہی میں رشتہ ازدواج میں بندھنے والی اداکار جوڑی مرزا گوہر رشید اور کبریٰ خان کی مہندی کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی تصاویر اور ویڈیوز میں کبریٰ خان کو اپنے دوستوں اور اہلِ خانہ کے ہمراہ خوبصورت شرارے میں برائڈل انٹری کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

اس موقع پر گوہر رشید نے سفید کرتا شلوار اور ساتھ سنہرے رنگ کی خوبصورت شال پہن رکھی ہے۔ گوہر اور کبریٰ اسٹیج پر ایک ساتھ ڈانس پرفارمنس دیتے ہوئے بھی دکھائی دیئے۔

جبکہ ان کے دوستوں اور اہلِ خانہ نے بھی مختلف ڈانس پرفارمنس پیش کیں۔ سوشل میڈیا صارفین اور مداحوں کی جانب سے ان ویڈیوز پر خوب پسند کیا جارہا ہے اور صارفین اس جوڑی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ گوہر رشید اور کبریٰ خان کا نکاح مکہ مکرمہ میں ہوا جس کی ویڈیوز اداکارہ نے اپنے آفیشل انسٹاگرام پر بھی شیئر کی تھیں۔

بھارت سے پاکستان میں داخل ہونے والا نایاب نسل کا سامبر ہرن ریسکیو کر لیا گیا

وائلڈ لائف لاہور نے ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے سرحدی علاقے جنڈیالہ سے سامبر ہرن برآمد کر لیا۔

مقامی لوگوں کی اطلاع پر سامبر ہرن کو ریسکیو کیا گیا، ہرن کو وائلڈ لائف پارک جلو منتقل کر دیا گیا جہاں اس کی دیکھ بھال کی جائے گی۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہرن صحت مند اور جوان ہے۔

وائلڈ لائف کے مطابق ممکنہ طور پر سامبر ہرن بھارت سے اپنے مسکن سے بھٹک کر پاکستان میں داخل ہوا۔