All posts by Khabrain News

5 ہزار کے جعلی نوٹ بنانے اور رقم ڈبل کرنے کا جھانسا دینے والا گروہ پکڑا گیا

5 ہزار روپے کے جعلی نوٹ بنانے اور رقم ڈبل کرنے کا جھانسا دینے والا گروہ پولیس کے ہتھے چڑھ گیا۔

اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ نے سپر ہائی وے سروس روڈ جمالی پل کے قریب جعلی کرنسی پھیلانے کے الزام میں 4 ملزمان ظہیر علی ، حنیف ، ظفر ور گل شیر علی کو گرفتار کر کے ان قبضے سے 5 ہزار روپے مالیت کے 6 جعلی نوٹ ، 2چھوٹی بوتلوں میں سیاہ و سرخ رنگ اور شیشے کے 2 ٹکڑے برآمد کیے ہیں ۔

ملزمان سادہ لوح افراد کو شیشے کے سانچے سے پاکستانی کرنسی نوٹ بنانے اور رقم ڈبل کرنے کا جھانسا دے کر لوٹتے تھے جب کہ ملزمان شہر کے مختلف علاقوں میں جعلی کرنسی نوٹ سپلائی بھی کرتے ہیں ۔

پاکستان کے دو بڑے بلے بازوں کے نام بھی کم ترین اسٹرائیک ریٹ میں شامل

سال 2023 کے ون ڈے ورلڈ کپ کے بعد کم ترین انٹرنیشنل اسٹرائیک ریٹ میں پاکستان کے دو بڑے بلے بازوں کے نام بھی شامل ہوگئے۔

کم ترین انٹرنیشنل اسٹرائیک ریٹ میں بابراعظم 76.29 کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں، انہوں نے 10 اننگز میں 352 رنز بنائے جبکہ بنگلا دیش کے بیٹر مہدی حسن میراز 10 اننگز میں 352 رنز بنا کر 72.27 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں۔

محمد رضوان نے 11 اننگز میں 78.77 اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 438 رنز بنائے ہیں۔

بنگلا دیش کے نجم الحسین شانتو نے 8 اننگز میں 84.43 کے اسٹرائیک ریٹ سے 358 رنز اسکور کیے جبکہ آسٹریلوی بیٹر اسٹیو اسمتھ 12 اننگز میں 347 رنز بنا چکے، ان کا اسٹرائیک ریٹ 85.25 ہے۔

واضح رہے کہ چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے افتتاحی میچ میں بھی بابراعظم اور محمد رضوان کا اسٹرائیک ریٹ اچھا نہیں رہا تھا جبکہ پاکستان کو نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا بھی کرنا پڑا۔

کراچی پر بادل چھا گئے، برسیں گے یا نہیں؟ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کردی

شہر قائد پر آج صبح ہی سے بادلوں کا سایہ ہے جب کہ بادل برسنے کے حوالے سے محکمہ موسمیات کی جانب سے پیش گوئی کی گئی ہے۔

جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب  اہل کراچی کے لیے پچھلے دنوں کی نسبت ٹھنڈی رہی جب کہ صبح ہی سے شہر ابرآلود بھی ہے۔ بلوچستان کے راستے ملک میں داخل ہونے والے مغربی سلسلے کے اثرات  شہر پر نظر آنا شروع ہو گئے ہیں۔

آج شہر کا کم سے کم پارہ گزذشتہ روز کے مقابلے میں 1.5 ڈگری گرگیا  اور 18 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔

کراچی میں  آج دن بھر مطلع جزوی اورمکمل ابرآلود رہنے کی توقع ہے۔ اس کے ساتھ ہی شام اور  رات کے اوقات میں شہر کے مختلف علاقوں میں بونداباندی اور پھوار ہوسکتی ہے۔

ذہنی دباؤ صحت کےلیے خطرناک؛ بچاؤ کےلیے کیا اقدامات کیے جائیں؟

ذہنی یا اعصابی دباؤ ہماری سوچ سے کہیں زیادہ خطرناک ہو سکتا ہے۔ یہ نہ صرف ہماری ذہنی صحت کو متاثر کرتا ہے، بلکہ جسمانی صحت پر بھی منفی اثرات مرتب کرتا ہے۔

ڈپریشن یا اضطراب کے دوران تمباکو نوشی اور شراب نوشی جیسی عادات پھیپھڑوں کے کینسر کے خطرے کو 6 فیصد تک بڑھا دیتی ہیں۔

ذہنی دباؤ مختلف وجوہات کی بنا پر ہوتا ہے، لیکن اکثر لوگ اس کے اثرات کو نظرانداز کر دیتے ہیں، جو صحت کے لیے درست نہیں ہے۔

ہماری تیز رفتار اور مصروف زندگی میں اعصابی دباؤ کی علامات کو سمجھنا اور انہیں جلد پہچاننا بہت ضروری ہے۔ یہ عمل نہ صرف موثر علاج ممکن بناتا ہے، بلکہ بہتر نتائج کا بھی باعث بنتا ہے۔

ذہنی دباؤ کے خطرناک اثرات

ایک رپورٹ کے مطابق، ذہنی دباؤ اگر بڑھ جائے تو یہ ہمارے مدافعتی نظام، بلڈ پریشر، دل کی صحت، اور نیند کے معیار کو بری طرح متاثر کر سکتا ہے۔ اعصابی خرابی، جسے عام طور پر ذہنی خرابی بھی کہا جاتا ہے، کوئی طبی اصطلاح نہیں ہے، بلکہ یہ شدید ذہنی پریشانی کے دور کو بیان کرنے کا ایک عام طریقہ ہے۔

احتیاط اور علاج کے طریقے

ابتدائی درجے کے ذہنی دباؤ کو روزمرہ کی زندگی میں کچھ مثبت تبدیلیوں کے ذریعے کم کیا جا سکتا ہے۔ مثال کے طور پر، صبح جلدی اٹھ کر نماز فجر کے بعد سیر کو اپنا معمول بنائیں۔ تفریحی سرگرمیوں میں حصہ لیں، دوستوں اور گھر والوں کے ساتھ وقت گزاریں، اور فلاحی کاموں میں شامل ہوں۔ اپنی صحت اور خوراک پر خصوصی توجہ دیں۔

غصے اور تنہائی سے بچیں

اگر کسی بات پر غصہ آئے، تو اس ماحول سے فوری طور پر نکلنے کی کوشش کریں۔ خود اعتمادی پیدا کریں اور دوسروں سے زیادہ توقعات نہ رکھیں۔ تنہائی سے دور رہیں اور مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب ہوں۔ جو چیزیں حاصل نہ ہو سکیں، ان کے بارے میں سوچنے سے گریز کریں۔

مسکن ادویات سے پرہیز

مسکن یا خواب آور ادویات کا سہارا لینے سے گریز کریں۔ یہ ادویات عارضی طور پر سکون تو فراہم کر سکتی ہیں، لیکن ان کے مضر اثرات طویل مدت میں شدید ہو سکتے ہیں۔

ذہنی دباؤ سے نمٹنے کے لیے مثبت طرزِ زندگی اپنانا بہترین حل ہے۔ روزمرہ کی معمولات میں چھوٹی چھوٹی تبدیلیاں لا کر آپ نہ صرف اپنی ذہنی صحت کو بہتر بنا سکتے ہیں، بلکہ جسمانی صحت کو بھی برقرار رکھ سکتے ہیں۔ یاد رکھیں، ذہنی دباؤ کو نظرانداز کرنا صحت کے لیے خطرناک ہو سکتا ہے، اس لیے اس پر توجہ دینا اور بروقت اقدامات کرنا بہت ضروری ہے۔

گوہر رشید اور کبریٰ خان کی مہندی کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل

حال ہی میں رشتہ ازدواج میں بندھنے والی اداکار جوڑی مرزا گوہر رشید اور کبریٰ خان کی مہندی کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی تصاویر اور ویڈیوز میں کبریٰ خان کو اپنے دوستوں اور اہلِ خانہ کے ہمراہ خوبصورت شرارے میں برائڈل انٹری کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

اس موقع پر گوہر رشید نے سفید کرتا شلوار اور ساتھ سنہرے رنگ کی خوبصورت شال پہن رکھی ہے۔ گوہر اور کبریٰ اسٹیج پر ایک ساتھ ڈانس پرفارمنس دیتے ہوئے بھی دکھائی دیئے۔

جبکہ ان کے دوستوں اور اہلِ خانہ نے بھی مختلف ڈانس پرفارمنس پیش کیں۔ سوشل میڈیا صارفین اور مداحوں کی جانب سے ان ویڈیوز پر خوب پسند کیا جارہا ہے اور صارفین اس جوڑی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ گوہر رشید اور کبریٰ خان کا نکاح مکہ مکرمہ میں ہوا جس کی ویڈیوز اداکارہ نے اپنے آفیشل انسٹاگرام پر بھی شیئر کی تھیں۔

بھارت سے پاکستان میں داخل ہونے والا نایاب نسل کا سامبر ہرن ریسکیو کر لیا گیا

وائلڈ لائف لاہور نے ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے سرحدی علاقے جنڈیالہ سے سامبر ہرن برآمد کر لیا۔

مقامی لوگوں کی اطلاع پر سامبر ہرن کو ریسکیو کیا گیا، ہرن کو وائلڈ لائف پارک جلو منتقل کر دیا گیا جہاں اس کی دیکھ بھال کی جائے گی۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہرن صحت مند اور جوان ہے۔

وائلڈ لائف کے مطابق ممکنہ طور پر سامبر ہرن بھارت سے اپنے مسکن سے بھٹک کر پاکستان میں داخل ہوا۔

سوات ، بونیر اور دیگر علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے

سوات، بونیر اور دیگر علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق سوات، بونیر، ملاکنڈ ڈویژن  اور گرد و نواح کے علاقوں میں محسوس کیے گئے زلزلے کی شدت 4.1 ریکارڈ کی گئی جب کہ اس کا مرکز سوات تھا۔

زلزلے کی گہرائی 22 کلومیٹر تھی جب کہ مرکز بٹ خیلہ سے 6.5 کلومیٹر دور جنوب مغرب میں تھا۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈویژن کے دیگر اضلاع میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

اُدھر ضلع بونیر میں بھی زلزلہ آنے کی اطلاعات ہیں۔ تمام مقامات سے کسی قسم کے جانی و مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

بارش برسانے والا سسٹم نکل گیا، پنجاب میں موسم خشک

لاہور سمیت پنجاب کہ بیشتر اضلاع سے بارش برسانے والا سسٹم نکل گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش برسانے والا سسٹم نکلنے کے بعد دوبارہ خشک موسم کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

مختلف اضلاع میں میدانی علاقوں میں ہونے والی بارش اور پہاڑی علاقوں میں ہونے والی برفباری کے اثرات موجود ہیں۔ لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 2 ڈگری کم ہو کر 10 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ پر آگیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آئندہ 24 گھنٹوں میں موسم خشک اور سرد رہے گا۔

سعودی عرب کے لیبر قوانین میں بڑی تبدیلیاں، اوورسیز پاکستانیوں کو کیا فائدہ ہوگا؟

ریاض : سعودی عرب کے لیبر قانون میں بڑی تبدیلیاں کردی گئیں اور ان کا نفاذ شروع ہو گیا ہے۔

سعودی وزارت افرادی قوت نے اعلان کیا ہے کہ ترمیم شدہ لیبر قوانین کا اطلاق آج (19 فروری 2025) سے ہوگیا ہے جن کا مقصد مقامی مارکیٹ کو بہتر بنانا اور آجر و اجیر کے حقوق کا تحفظ ہے۔

ترمیم شدہ قانونِ محنت کی 38 شقوں میں تبدیلی، 7 شقوں کو خارج اور 2 نئی شقوں کا اضافہ کیا گیا ہے، تاکہ آجر اور اجیر کے تعلقات کو مزید مستحکم بنایا جا سکے۔

نئی ترامیم کے مطابق بہن یا بھائی کے انتقال پر کارکن کو 3 دن کی چھٹی ملے گی۔ خواتین ملازمین کے لیے زچگی کی چھٹی 6 ہفتے لازمی ہوگی، جبکہ مزید 6 ہفتے کی اضافی چھٹی کا اختیار بھی دیا گیا ہے۔

چھٹی والے دن کام کرنے پر آجر اضافی اجرت دینے کا پابند ہوگا۔ تجرباتی مدت بڑھا کر 180 دن کر دی گئی ہے، اور اس دوران معاہدہ ختم کرنے کا اختیار فریقین کو حاصل ہوگا۔

استعفے کی صورت میں کارکن کو 30 دن کا نوٹس دینا ہوگا، جبکہ نوکری سے برخاستگی پر آجر کو 60 دن کا نوٹس دینا ہوگا۔ آجر پر لازم ہوگا کہ وہ کارکن کو رہائش فراہم کرے یا پھر رہائش اور ٹرانسپورٹ الاؤنس دے۔

وزارت کا کہنا ہے کہ یہ ترامیم کارکنوں کے حقوق کے تحفظ، کام کے بہتر ماحول اور اجرتی مسائل کے حل میں معاون ثابت ہوں گی، جبکہ ان قوانین سے غیر ملکی ملازمین کو بھی فائدہ ہوگا۔

حرا سومرو رومینٹک سینز کرنے کی شوقین ؟

معروف اداکارہ حرا سومرو کا کہنا ہے کہ انہیں رومانوی کردار ادا کرنا بےحد پسند ہے۔

ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے ڈرامہ انڈسٹری اور دیگر موضوعات پر اظہار خیال کیا،گفتگو کے دوران انہوں نے اپنی پسند اور فنی سفر کے مختلف پہلوؤں پر بات کی۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہیں رومانوی کردار ادا کرنا بےحد پسند ہے کیونکہ وہ محبت کی خوبصورتی کو اسکرین پر اجاگر کرنے میں دلچسپی رکھتی ہیں۔

انہوں نے فخریہ انداز میں کہا کہ اب تک جتنے بھی ڈراموں میں کام کیا، وہ کبھی فلاپ نہیں ہوئے، لوگ ان کی صلاحیتوں کی قدر کرتے ہیں۔ تاہم، وہ جس مخصوص کردار کو ادا کرنا چاہتی ہیں، وہ ابھی تک انہیں نہیں ملا۔

حرا سومرو نے مزید کہا کہ انہوں نے کبھی کرداروں کے حوالے سے سوال نہیں کیا کیونکہ انہیں معلوم ہے کہ ہر چیز کا ایک وقت ہوتا ہے، اور انہیں یقین ہے کہ وہ وقت ضرور آئے گا۔

 میزبان نے ان کی شخصیت سے متعلق سوال کیا کہ جتنی وہ پراعتماد نظر آتی ہیں، کیا اتنی ہی شرمیلی بھی ہیں؟ اس پر انہوں نے جواب دیا کہ پہلے وہ شرمیلی تھیں، مگر گزشتہ ڈیڑھ سال میں ان میں ایک واضح تبدیلی آئی ہے۔

 پہلے انہیں لگتا تھا کہ وہ جو کہنا چاہتی ہیں، وہ مکمل طور پر نہیں کہہ پاتیں، مگر اب ایسا محسوس نہیں ہوتا۔

زندگی کے نشیب و فراز پر بات کرتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ وہ غم کو چھپانے کا فن بخوبی جانتی ہیں کیونکہ زندگی میں مشکلات کا سامنا رہا ہے۔

ان کے مطابق، اگر غم نہ ہوں تو انسان وہ نہیں بن سکتا، جو وہ بننا چاہتا ہے۔ ان کا ماننا ہے کہ بعض اوقات ٹینشن چھوٹی چھوٹی باتوں پر بھی ہو جاتی ہے، اور غم اکثر وہاں سے ملتا ہے جہاں سے انسان توقع نہیں کر رہا ہوتا۔ مگر وہ غم کو پالنے کے بجائے اس سے محبت کر چکی ہیں۔

اداکاری کے علاوہ دیگر شعبوں میں اپنی دلچسپی پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ انہوں نے وی لاگنگ کا بھی تجربہ کیا تھا، لیکن یہ کام اداکاری سے زیادہ مشکل لگا۔ انہوں نے تین سے چار وی لاگز بنائے، مگر پھر اسے ترک کر دیا