All posts by Khabrain News

پی ٹی آئی رہنماؤں، فیملی اور وکلاء کو بانی سے ملاقات کی اجازت نہ ملی

سینٹرل جیل اڈیالہ میں پی ٹی آئی رہنماؤں، فیملی اور وکلاء کو بانی  سے ملاقات کی اجازت نہ مل سکی۔

پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے صدر جنید اکبر خان ،علامہ حامد رضا، شاندانہ گلزار ، احمد بچھر ،عامر ڈوگر ، نثار جٹ، ثناء اللہ مستی خیل ، ڈاکٹر امجد ، عاطف خان ، علی خان جدون ،صوبائی وزیرسہیل آفریدی ، مصدق عباسی ، مشعال یوسفزئی اور سیمابیہ طاہر ملاقات کے لیے دن ایک بجے جیل پہنچ گئے تاہم  حکام نے  بار بار انتظار  کا کہا۔

چار بجے اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ  جیل نے سب کوگیٹ پر بلا کر بتایا کہ ملاقات کی اجازت نہیں ہے۔

سیہون شریف، سوشل میڈیا پر بم کی جھوٹی افواہ سے خوف و ہراس پھیل گیا

سیہون شریف میں سوشل میڈیا پر بم کی موجودگی کی جھوٹی افواہ نے علاقے میں سنسنی پھیلادی۔

اطلاعات کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک غیر مصدقہ خبر گردش کرنے لگی کہ سیہون شریف میں بم رکھا گیا ہے، جس کے بعد مقامی عوام میں شدید خوف و ہراس کی لہر دوڑ گئی۔

جس پر پولیس اور دیگر ادارے فوراً حرکت میں آ گئے، پولیس نے فوری طور پر کارروائی شروع کی اور علاقے کی مکمل تلاشی لی، تاہم، بم کی کوئی بھی نشاندہی نہ ہو سکی۔

ایس ایس پی جامشورو ظفر صدیق جھانگا نے واقعے کی فوری تحقیقات کا حکم دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹی افواہیں پھیلانے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی تاکہ آئندہ ایسی غلط اطلاعات سے عوام میں خوف و ہراس نہ پھیلے۔

کراچی، 10 سالہ بچے کو کچلنے والے واٹر ٹینکر ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج

تیموریہ پولیس نے بفرزون میں 10 سالہ صائم کو کچلنے والے واٹر ٹینکر کے گرفتار ڈرائیور سراج ولد جمعہ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔

مقدمہ الزام نمبر 153/2025 بجرم دفعہ 320 کے تحت جاں بحق ہونے والے بچے کے والد شیخ عبدالرحمان ولد شیخ محمد عباس کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

مدعی مقدمہ نے پولیس کو اپنے بیان میں بتایا کہ وہ مکان نمبر R-406/A سیکٹر 16/A شاہ خالد بن عبدالعزیز کالونی سوسائٹی بفرزون کا رہائشی اور پرائیوٹ ملازمت کرتا ہے۔

شیخ عبدالرحمان نے پولیس کو بتایا کہ وہ جمعرات کو اپنے گھر پر موجود تھا کہ رات تقریباً 7 بجکر 50 منٹ پر محلے والوں نے اطلاع دی کہ آپ کے بیٹے صائم کو پانی کے ٹینکر نے ٹکر مار دی ہے جو گھر کے قریب گارمنٹ فیکٹری والے کو پانی دیتا ہے۔

اس اطلاع پر میں فورا گھر سے باہر نکلا اور میں نے دیکھا کہ میرا بیٹا ٹرک کے پیچھے زمین پر پڑا ہوا ہے اور اس کے سر سے خون نکل رہا ہے اور سرکچلا ہوا ہے جبکہ ٹینکر کا ڈرائیور ٹینکر چھوڑ کر فیکٹری میں جا کر چھپ گیا۔

اس اثنا میں پولیس بھی وہاں آگئی ، میں اپنے بیٹے کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال لے کر گیا ، ڈاکٹروں نے میرے بیٹے کی موت کی تصدیق کے بعد اس کا پوسٹ مارٹم کیا۔

پولیس افسر نے ضروری قانونی کارروائی کے بعد لاش تدفین کے لیے سپرد کی ، اب میں تھانے آکر اپنا بیان دے رہا ہوں ، میرا دعویٰ ہے کہ پانی کے ٹینکر نمبر TKD-840 کے ڈرائیور جس کا نام سراج ولد جمعہ معلوم ہوا پر میرے بیٹے صائم ولد شیخ عبد الرحمان کو ٹینکر کی ٹکر مار کر ہلاک کرنے کرنے پر کارروائی کی جائے ۔

قصور، کھارا چوک کے قریب کیری ڈبہ حادثہ، 8 افراد جاں بحق، 2 زخمی

قصور کے علاقے کھارا چوک کے قریب ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا، جس میں کیری ڈبہ ڈرائیور سے بے قابو ہو کر نالے میں جا گری۔

حادثے کے نتیجے میں کیری ڈبہ میں سوار 8 افراد جاں بحق ہو گئے، ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ ڈرائیور کی غفلت کے باعث پیش آیا جسے دوران ڈرائیونگ نیند آ گئی تھی۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق اس حادثے میں آٹھ افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ دو افراد شدید زخمی ہو گئے ہیں۔

جاں بحق ہونے والوں میں 30 سالہ لائیبہ، 35 سالہ عمران، 38 سالہ سلیمان، 25 سالہ سنی، 35 سالہ مقصود اور دو نامعلوم افراد شامل ہیں۔

ریسکیو ٹیم نے فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ کر زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ تمام افراد شادی کی تقریب سے واپس آ رہے تھے، اور کھارا چوک کے قریب گاڑی حادثے کا شکار ہوئی۔

کراچی، سعدی ٹاؤن میں ماڈل کالونی پولیس کا چھاپہ، چھینی گئی کار برآمد

شہر قائد کے علاقے سعدی ٹاؤن میں ماڈل کالونی پولیس نے ایک گھر پر چھاپہ مارا، جس کے نتیجے میں چند گھنٹے قبل چھینی گئی کار برآمد کر لی گئی۔

پولیس کے مطابق، ملزمان چھینی گئی کار کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے کے دوران فرار ہو گئے تھے، لیکن پولیس نے کامیابی سے ان کا پیچھا کیا اور کار قبضے میں لے لی۔

ماڈل کالونی کے ایس ایچ او، عرفان سہتو نے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ ماڈل کالونی سے چھینی گئی کار کا پیچھا کرتے ہوئے سعدی ٹاؤن پہنچے۔ یہاں ایک خالی گھر کے باہر ٹریکر بند ہو چکا تھا۔

گھر کی تلاشی لی تو اندر سے نہ صرف چھینی گئی کار برآمد ہوئی بلکہ دیگر سامان بھی ملا، جن میں ٹریکر بند کرنے والا کیمرہ، لیپ ٹاپ، جعلی نمبر پلیٹیں اور دیگر مشتبہ مواد شامل ہیں۔

ایس ایچ او نے مزید بتایا کہ یہ گھر ایک ماہ قبل کرائے پر لیا گیا تھا اور ملزمان یہاں چھپ کر رہ رہے تھے۔ پولیس کو گھر سے بلیک ماسک بھی ملا ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملزمان کا یہ گروہ منظم نوعیت کی وارداتوں میں ملوث ہے۔

پولیس نے کار قبضے میں لے کر مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

اسرائیلی قید میں بیڑیوں میں جکڑے فلسطینی ڈاکٹر کی ویڈیو منظر عام پر آگئی

غزہ: کمال عدوان اسپتال کے سربراہ ڈاکٹر حسام ابو صفیہ کی ایک نئی ویڈیو سامنے آئی ہے، جس میں انہیں اسرائیلی قید میں ہتھکڑیوں اور بیڑیوں میں جکڑا دیکھا جا سکتا ہے۔

28 دسمبر کو اسرائیلی فوج نے کمال عدوان اسپتال پر حملہ کر کے ڈاکٹر ابو صفیہ سمیت 350 سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا تھا۔ بعد ازاں انہیں مقبوضہ مغربی کنارے کے اوفر جیل منتقل کیا گیا، جہاں وہ بغیر کسی مقدمے کے قید ہیں۔

اسرائیلی میڈیا پر نشر ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فلسطینی ڈاکٹر کے ہاتھوں میں ہتھکڑیاں اور پاؤں میں بیڑیاں ڈالی گئی ہیں، جبکہ اسرائیلی فوجی انہیں جیل کے سیل سے باہر لے جا رہے ہیں۔

ویڈیو میں ڈاکٹر ابو صفیہ نے ایک اسرائیلی صحافی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں نہیں معلوم کہ ان پر کیا الزامات ہیں اور انہیں کیوں گرفتار کیا گیا۔

انہوں نے اسرائیلی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کمال عدوان اسپتال میں صرف عام فلسطینی شہریوں کا علاج کیا جاتا تھا، نہ کہ مزاحمت کاروں کا۔

ڈاکٹر ابو صفیہ کے بیٹے نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ اپنے والد کو بیڑیوں میں جکڑا دیکھنا ناقابلِ برداشت ہے، اور ان کی فوری رہائی کے لیے اقدامات کی ضرورت ہے۔ خاندان نے الزام لگایا کہ ڈاکٹر ابو صفیہ کو جیل میں تشدد اور غیر انسانی سلوک کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں اسرائیلی بمباری میں ڈاکٹر حسام ابو صفیہ کے جواں سال بیٹے ابراہیم شہید ہو گئے تھے۔

سونیا گاندھی اسپتال میں طبیعت ناساز، علاج جاری

نئی دہلی: بھارتی کانگریس پارٹی کی سینئر رہنما اور راجیہ سبھا کی رکن سونیا گاندھی کو طبیعت ناساز ہونے پر سر گنگا رام اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سونیا گاندھی کو پیٹ کے مسئلے کے باعث اسپتال منتقل کیا گیا۔ تاہم اسپتال حکام نے تصدیق کی ہے کہ ان کی حالت تشویشناک نہیں اور جلد انہیں اسپتال سے چھٹی دیے جانے کا امکان ہے۔

سر گنگا رام اسپتال کے چیئرمین بورڈ آف مینجمنٹ کے مطابق سونیا گاندھی کی طبیعت میں بہتری آ رہی ہے، اور انہیں کسی سنگین پیچیدگی کا سامنا نہیں۔

سونیا گاندھی بھارتی کانگریس کی سابق صدر بھی رہ چکی ہیں اور انہوں نے دسمبر میں اپنی 78ویں سالگرہ منائی تھی۔

حماس اور امریکی بم – اسرائیلی یرغمالیوں کی لاشوں کے ساتھ کیوں؟

غزہ: فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے جنگ بندی معاہدے کے تحت 4 اسرائیلی یرغمالیوں کی لاشیں ریڈ کراس کے حوالے کر دیں، تاہم اس موقع پر اسٹیج پر امریکی ساختہ بم بھی رکھے گئے۔

عرب میڈیا کے مطابق، تقریب کے دوران اسٹیج پر رکھے گئے بم امریکی ساختہ جی بی یو 39 تھے، جو فضا سے زمین پر مار کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ حماس نے ان بموں پر ایک تحریر درج کی تھی جس میں واضح کیا گیا کہ یہی وہ بم ہیں جن سے اسرائیلی یرغمالی ہلاک ہوئے۔

حماس کی جانب سے بارہا کہا گیا ہے کہ اسرائیل نے اپنی ہی بمباری کے دوران یرغمالیوں کو نشانہ بنایا۔ مغربی میڈیا بھی رپورٹ کر چکا ہے کہ اسرائیل غزہ میں امریکی ساختہ جی بی یو 39 بموں کا استعمال کر رہا ہے۔

نیویارک ٹائمز نے مئی 2024 میں رپورٹ کیا تھا کہ اسرائیلی فوج نے غزہ کے بے گھر فلسطینیوں کے کیمپ پر امریکی بموں سے حملہ کیا تھا، جس میں 40 سے زائد افراد شہید اور 249 زخمی ہوئے۔

سی این این نے اپنی رپورٹ میں بتایا تھا کہ خان یونس میں ایک اسکول پر امریکی بموں سے بمباری کی گئی، جس میں 27 فلسطینی شہید اور 57 زخمی ہوئے۔

لاشوں کی حوالگی کے دوران حماس نے بینرز بھی آویزاں کیے، جن پر درج تھا کہ “جنگی مجرم نیتن یاہو اور اس کی نازی فوج نے اسرائیلی لڑاکا طیاروں سے بم برسائے، جن سے یرغمالی مارے گئے۔”

سلمان خان کی ہالی ووڈ انٹری – فلمی دنیا چھوڑنے پر کون مجبور

بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان نے ایک ایسی بھی فلم کی ہے جو بری طرح ناکام ہوئی اور اس فلم کے بعد ہدایتکار اور فلم کی اداکارہ دونوں نے ہی فلمی دنیا کو خیرباد کہہ دیا۔

انڈسٹری میں قدم رکھنے کے بعد جہاں سلمان خان نے کئی کامیاب فلمیں دیں تاہم چند فلمیں فلاپ بھی ہوئیں اس میں ایک فلم ہے ’میری گولڈ‘ جو کہ ایک  بین الاقوامی فلم تھی۔

اس فلم کے ہدایتکار ولاڈ کیرول تھے، فلم میں علی لارٹر (سلمان خان کا کردار) بھارت آتے ہیں اور ایک مقامی لڑکی کی محبت میں گرفتار ہوجاتے ہیں۔

ہندی اور انگریزی زبان میں بننے والی یہ فلم 17 اگست 2007 کو ریلیز ہوئی۔ باکس آفس پر بری طرح ناکام ہونے والی اس فلم کا 19 کروڑ بجٹ تھا جبکہ یہ فلم اس کا ایک چوتھائی بھی نہ کما سکی۔ فلم کے ریلیز کے دن اس کی آمدنی صرف 21 لاکھ روپے تھی۔

بیرون ملک بھی فلم نے 2 لاکھ 50 ہزار ڈالر کا بزنس کیا اور دنیا بھر میں ریلیز کے بعد بھی اس فلم کی مجموعی آمدنی صرف 2 کروڑ سے زائد تھی۔ بری طرح ناکامی کا سامنا کرنا والی اس فلم کے ہدایتکار نے اسکے بعد فلمیں بنانا ہی چھوڑ دیں جبکہ فلم کی اداکارہ جوکہ ایک امریکی اداکارہ تھیں، نے پھر کبھی بالی ووڈ کا رخ نہ کیا۔

اس طرح یہ غیر ملکی فلم سلمان خان کے کیرئیر کی سب سے بڑی فلاپ فلم ثابت ہوئی۔

5 سال میں 60 ارب ڈالر کی برآمدات کا ہدف، شہباز شریف کی ہدایت

ملکی برآمدات میں اضافے کے لیے وزیراعظم نے جامع حکمت عملی کی ہدایت کردی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت برآمدات بڑھانے کے اقدامات پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔

وزیراعظم نے آئندہ 5 سال میں ملکی برآمدات کو 60 بلین ڈالر تک لے جانے کے لیے جامع اور مؤثر حکمت عملی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے معیشت کی ترقی اور برآمدات میں اضافے کے لیے ٹیرف کے نظام میں پائیدار اصلاحات متعارف کرانے پر زور دیا اور ہدایت دی کہ ٹیرف کے نرخوں کو کم اور نظام کو عام فہم و سہل بنایا جائے۔

وزیراعظم نے سروسز، آئی ٹی اور زراعت کے شعبوں کو برآمدات بڑھانے کے لیے خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی اور کہا کہ ’’اڑان پاکستان‘‘ ویژن کے تحت برآمدی صنعتوں کو فروغ دیا جائے۔

اجلاس میں وزیراعظم کو وزارت تجارت میں اصلاحات، 2025-30 سٹریٹجک ٹریڈ پالیسی فریم ورک، ای کامرس پالیسی اور برآمدات بڑھانے کے اقدامات پر بریفنگ دی گئی

۔وزیراعظم نے ادویات کے عالمی معیار کو یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت شعبہ صحت میں اصلاحات کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔

وزیراعظم نے بین الاقوامی معیار کی ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری اسلام آباد میں قائم کرنے کی ہدایت دی تاکہ ادویات کے عالمی معیار کو یقینی بنایا جا سکے۔وزیراعظم نے اسلام آباد کے مضافات، گلگت بلتستان، کشمیر اور بلوچستان میں موبائل ہسپتالوں کے اجرا کی ہدایت دی۔

وزیراعظم نے جعلی ادویات کے خلاف صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر سخت کارروائی کا حکم دیا اور کہا جعلسازوں کو انسانی زندگیوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

اجلاس میں ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) میں اصلاحات، ڈریپ کے پالیسی بورڈ میں ماہرین کی شفاف تعیناتی، اور ڈرگ پرائسنگ کمیٹی کو مزید مؤثر بنانے کے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم کو پاکستان میں تیار ہونے والی ادویات کی ڈیجیٹل رجسٹریشن، 94 نئے ڈرگ انسپیکٹرز کی تعیناتی اور ادویات کی برآمدات میں اضافے کے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔

دریں اثنا وزیراعظم محمد شہباز شریف سے اراکین قومی اسمبلی محمد ادریس، احسان الحق باجوہ، مسلم لیگ ن کے رہنما محسن شاہ نواز رانجھا اور شاہ محمد شاہ کی علیحدہ علیحدہ ملاقات ہوئی۔

ارکان قومی اسمبلی نے حالیہ معاشی استحکام پر وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کیا۔ ملاقات میں متعلقہ حلقوں کے امور پر گفتگوکی گئی۔ وزیر اعظم نے ارکان اسمبلی کو اپنے حلقوں میں عوام سے روابط بڑھانے اور انکے مسائل حل کرنے کی ہدایت کی۔