Tag Archives: box

پاناما کیس کا حیران کن فیصلہ ….الیکشن کی تیاریاں

اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)الیکشن کمیشن نے 2018 کے انتخابات کیلئے مقرر کر دہ مدت سے قبل کسی بھی سیاسی صورتحال کے پیش نظر پیشگی انتخابات کیلئے منصوبہ بندی مکمل کر لی ہے جس کے تحت تیاریاں پہلے سے شروع کی جاچکی ہیں جبکہ قبل ازوقت انتخابات کیلئے بھی وسائل فراہمی کے حوالے سے وزارت خزانہ حکام کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے ۔سپریم کورٹ پاناما کیس کے حوالے سے اپنا فیصلہ محفوظ کرچکی ہے ، جس کے آئندہ ایک دو ہفتوں میں سنا ئے جانے کے امکانات ہیں اوروزیراعظم کے خلاف فیصلہ آنے کی صورت میں ملک میں سیاسی بحران پیدا ہوسکتا ہے جبکہ حزب اختلاف کی جماعتوں کے دباﺅ کے نتیجے میں پیشگی انتخابات کاماحول پیدا ہوسکتا ہے ، اگر کسی بھی سیاسی صورتحال کے پیش نظر اسمبلیاں تحلیل کرکے پیشگی انتخابات کا اعلان کر دیا جاتاہے تو الیکشن کمیشن کیلئے بڑا چیلنج ہوسکتا ہے ،اسی چیلنج سے نمٹنے کیلئے الیکشن کمیشن پہلے ہی اپنی حکمت عملی کوحتمی شکل دے چکی ہے ،الیکشن کمیشن نے اسی حکمت عملی کے تحت ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ انتخابات کی تیاریاں دو سال پہلے شروع کر دی تھیں ،ان تیاریوں کے تحت انتخابی فہرستوں کی تیاری، پولنگ سکیم جس میں پولنگ سٹاف کی تعیناتی اور تربیت ، پولنگ سٹیشن ،مانیٹرنگ ، ٹیکنالوجی کا تعارف ، شراکت داروں کے ساتھ مشاورت، استعداد کارمیں اضافہ ، بیلٹ پیپر ز کی چھپائی ، انتخابی مواداور تربیتی مواد کی بروقت دستیابی ، صنفی اور خصوصی افراد کیلئے اقدامات، سمندر پارپاکستانیوں کیلئے ووٹوں اور مقامی حکومتوں سے متعلق ضابطہ اخلاق پر کام مکمل کرلیا گیاہے ۔ الیکشن کمیشن حکام نے بتایا کہ اگرچہ اس امر کے امکانات انتہائی محدود ہیں تاہم کسی بھی ممکنہ صورتحال کے پیش نظر پیشگی انتخابات کی منصوبہ بندی مکمل کرلی گئی ہے ، اداروں کو کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیاررہنا چاہیے ۔حکا م کا مزید کہنا تھاکہ وسائل کی دستیابی کیلئے وزارت خزانہ حکام کو متعدد بار آگاہ کیا گیاہے کہ وہ آئندہ مالی سال کی بجٹ منصوبہ بندی میں اس امرکوضرور مد نظر رکھیں،قبل ازیں الیکشن کمیشن کی جانب سے یہ خبر یں بھی منظر عام پر آئیں تھیں کہ کمیشن نے ملک بھر میں 2013 کے انتخابی مواد کو بھی تلف کرنا شروع کر دیا ہے تاکہ نئے انتخابات کیلئے وافر جگہ دستیاب ہو حالانکہ اس سے پہلے انتخابات سے فقط ایک دو ماہ قبل ہی انتخابی مواد کو تلف کیا جاتا رہا ہے ۔