Tag Archives: England vs South Africa Match

ایک مسلمان کھلاڑی کی بدولت انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کیخلاف 57سال بعد تاریخی کارنامہ سر انجام دیدیا

لارڈز (ویب ڈیسک) انگلینڈ نے معین علی کی عمدہ آل راﺅنڈر کارکردگی کی بدولت جنوبی افریقہ کو 57 سال کے طویل انتظار کے بعد لارڈز کے تاریخی گراﺅنڈ پر 211 رنز سے شکست دیدی ہے۔ اپنے کیرئیر کے پہلے ٹیسٹ میچ میں کپتانی کرنے والے جو روٹ نے ناصرف ریکارڈ سنچری بنائی بلکہ ان کی قیادت میں 57 سالہ جمود بھی ٹوٹ گیا۔لارڈز کے تاریخی گراﺅنڈ میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز انگلینڈ نے 119 رنز 1 کھلاڑی آﺅٹ سے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تو جنوبی افریقی باﺅلرز نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انگلش بیٹنگ لائن کو تہس نہس کر دیا اورپوری ٹیم 233 رنز پر آﺅٹ ہو گئی اور جنوبی افریقہ کو جیت کیلئے 331 رنز کا ہدف دیا۔
انگلینڈ کی جانب سے سابق کپتان الیسٹر کک نے سب سے زیادہ 69 رنز بنائے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں کیٹن کیننگز نے 33، گیری بیلنس نے 34، جو روٹ نے 5، جونی بیرسٹو نے 51، بین سٹوکس نے 1، معین علی نے 7 اور مارک ووڈ نے 28 رنز بنائے جبکہ لائم ڈامسن، سٹورٹ براڈ اور جیمز اینڈرسن کوئی سکور بنانے میں کامیاب نہ ہو سکے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے کیشو مہاراج نے سب سے زیادہ 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ مورنی مورکل اور کاگیسو ربادا نے 3,3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور معین علی کی شاندار باﺅلنگ کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 119 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی جبکہ اس کے پانچ کھلاڑی دوہرا ہندسہ عبور کرنے میں بھی ناکام رہے۔ ٹیمبا باووما نے سب سے زیادہ 21 رنز بنائے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ہینو کوہن نے 9، ڈین ایلگر نے 2، ہاشم آملہ نے 11، جے پی ڈومنی نے 2، کوینٹن ڈی کوک نے 18، تھیونس ڈی بروئین نے 1، ویرنون فلینڈر نے 19، کیشو مہاراج نے 10، کاگیسو ربادا نے 4 اور مورنی مورکل نے 14 رنز بنائے۔
انگلینڈ کی جانب سے معین علی نے انتہائی عمدہ باﺅلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 15 اوورز میں 53 رنز کی بدولت 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھاتے ہوئے ٹیم کی جیت میں انتہائی اہم کردار ادا کیا اور لائم ڈامسن نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ جیمز اینڈرسن اور مارک ووڈ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔