Tag Archives: khabrainJJ.jpg

وزیر قانون کے استعفے کے بعد حکومت اور دھرنا قیادت میں مذاکرات کامیاب

اسلام آباد(ویب ڈیسک)وزیر قانون زاہد حامد کے استعفے کے بعد حکومت اور دھرنا قیادت میں مذاکرات کامیاب ہوگئے اور 6 نکاتی معاہدہ طے پاگیا ہے جس کے بعد مظاہرین کی جانب سے دھرنا جلد ختم کرنے کا امکان ہے۔تفصیلات کے مطابق حکومت اور دھرنا قیادت میں معاملات طے پا گئے۔ حکومت سے معاہدے کے بعد دھرنا قائدین کی مجلس شوری کا اجلاس ہوا جو ڈیڑھ گھنٹہ تک جاری رہا۔ تحریک لبیک کے رہنما خادم حسین نے حکومت سے معاہدے پر قائدین کو اعتماد میں لیا۔حکومت اور دھرنا قائدین کے درمیان 6 نکاتی معاہدہ ہوا جس پر حکومت کی جانب سے وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال، سیکرٹری داخلہ ارشد مرزا اور  تحریک لبیک کی جانب سے خادم حسین رضوی، پیر افضل قادری اور وحید نور نے دستخط کیے۔ معاہدہ ہونے کے بعد دھرنا جلد ختم ہونے کا امکان ہے جب کہ مظاہرین نے اپنا سامان اکٹھا کرنا شروع کردیا ہے اور اس کے ساتھ ہی دھرنے کے اطراف تعینات ایف سی، رینجرز کی نفری میں بھی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔حکومت اور دھرنا مظاہرین کے درمیان ہونے والے معاہدے کے تحت مذہبی جماعت زاہد حامد کے خلاف کوئی فتویٰ جاری نہیں کرے گی۔ راجہ ظفر الحق کی انکوائری رپورٹ 30 دن میں منظر عام پر لائے جائے گی۔  تین دن تک مذہبی جماعتوں کے تمام کارکنوں کو رہا کر دیا جائے گا۔ دھرنے پر حکومتی ایکشن کے خلاف 30 دن کے اندر اندر انکوائری کرکے ذمہ داروں کا تعین بھی کیا جائے گا۔ سرکاری و غیر سرکاری املاک کا تمام نقصان وفاقی و صوبائی حکومتیں پورا کریں گی۔ مطالبات پر عملدرآمد کی صورت میں تحریک لبیک دھرنا ختم کرکے ملک بھر میں کارکنوں کو پرامن رہنے کی تلقین کرے گی۔ یہ معاہدہ آرمی چیف کے نمائندے میجر جنرل فیض حمید کی ثالثی میں طے پایا اور انہوں نے بھی دستاویز پر دستخط کئے ہیں۔

دوسری جانب سرکاری ٹی وی کے مطابق وفاقی وزیر قانون نے بحرانی کیفیت ختم کرنے کے لیے وزارت سے رضاکارانہ طور پر اپنا استعفیٰ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو بھجوا دیا ہے تاہم زاہد حامد اپنے استعفیٰ پر تفصیلی بیان بھی جاری کریں گے جب کہ وزیراعظم کی جانب سے آج ہی ان کا استعفیٰ منظور کیے جانے کا امکان ہے۔