Tag Archives: national assembly.jpg

قومی اسمبلی کی نشستیں بڑھانے بارے وزیر اعظم مان گئے ،وجہ کیا بنی؟؟

اسلام آباد(خصوصی رپورٹ) وفاقی حکومت نے آئندہ الیکشن میں نئی حلقہ بندیوں کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔ حالیہ مردم شماری کے تحت قومی اسمبلی کی جنرل سیٹوں کی تعداد272 سے بڑھا کر300 کردی جائے گی، ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی اور دیگر جماعتوں نے مسلم لیگ(ن) کی تجویز کی حمایت کردی ہے۔ وفاقی کابینہ کے حتمی فیصلے کے بعد اسپیکر سردار ایاز صادق نئی آئینی ترمیم پر اتفاق رائے کےلئے پارلیمانی لیڈروں سے مشاورت کریں گے۔ مجوزہ آئینی ترمیم کے ذریعے قومی اسمبلی میں جنرل نشستوں کی تعداد 272 سے بڑھا کر 300 کردی جائے گی ۔ذرائع کاکہنا ہے کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے نشستیں بڑھانے سے متعلق وزارت قانون کو آئینی ترمیم کا مسودہ تیار کرنے کی ہدایت کر دی ۔ قومی اسمبلی کی جنرل سیٹوں کی تعداد272سے بڑھا کر 300کرنے کی تجویز دی گئی ہے ۔ وفاقی کابینہ کے کئی ممبران نے قومی اسمبلی کی نشستیں بڑھانے کی مخالفت کی ہے۔ بعض وفاقی وزراقومی اسمبلی میں جنرل سیٹوں کی تعداد برقرار رکھنے کے حامی ہیں ۔ قومی اسمبلی کی نشستیں بڑھنے سے ارکان قومی اسمبلی کا بجٹ ایک کھرب32ارب ہو جائیگا۔

روہنگیا مسلمانوں پر مظالم کے خلاف قومی اسمبلی میں تحریک التوا جمع

 اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے روہنگیا مسلمانوں پر لرزہ خیز مظالم کیخلاف قومی اسمبلی میں تحریک التواء جمع کرادی۔پاکستان تحریک انصاف نے قومی اسمبلی میں تحریک التواء جمع کراتے ہوئے میانمار (برما) میں مسلمانوں پر جاری خوفناک ظلم و ستم پر فوری بحث کا مطالبہ کیا ہے۔ پی ٹی آئی کے رہنماؤں شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر عارف علوی، شیریں مزاری، اسد عمر اور شفقت محمود نے تحریک التواء جمع کرائی۔تحریک انصاف نے کہا کہ لاکھوں برمی مسلمانوں کے گھر نذر آتش کئے جارہے ہیں، یہ ایوان میانمار میں مسلمانوں کے قتل عام کا معاملہ فوری طور پر اٹھائے، ایوان میں جامع بحث کی جائے اور قومی لائحہ عمل سامنے لایا جائے۔