ابو ظہبی: ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کے خلاف سری لنکا کی بیٹنگ جاری ہے۔پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے، سری لنکن ٹیم نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو سری لنکا کی جانب سے اننگز کا آغاز کرونارتنے اور کوشل سلوا نے کیا تاہم اوپننگ کھلاڑی خواطر خواہ آغاز فراہم نہ کرسکے اور 34 کے مجموعی اسکور پر کوشل سلوا حسن علی کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ ون ڈاؤن آنے والے تھریمانے نے 35 کے مجموعی اسکور پر یاسر شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوکر پویلین واپس لوٹ گئے۔35 رنز پر 2 وکٹیں گرنے کے بعد کرونارتنے اور مینڈس نے ٹیم کا اسکور آگے بڑھانے کی کوشش کی تاہم 35 کے مجموعی اسکور پر مینڈس یاسر شاہ کی گیند پر وکٹ کے پیچھے سرفراز کو کیچ دے بیٹھے، اس وقت سری لنکا نے 3 کھلاڑیوں کے نقصان پر 161 رنز بنالیے ہیں جب کہ کرونارتنے 93 اور چندیمل 37 رنز پر کھیل رہے ہیں۔پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 2 جب کہ حسن علی نے ایک وکٹ حاصل کی ہے۔