ممبئی(شوبز ڈیسک) بالی ووڈ میگا اسٹار ریکھا اور ایشوریا رائے بچن کے خوشگوار تعلقات کے چرچے زبان زد عام ہیں اور اب ماضی کی بہترین اداکارہ نے سابق ملکہ حسن ایشوریا کی خوبصورتی کی وجہ خود کو قرار دے دیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ ایشوریا رائے بچن جو ان دنوں فلم ”اے دل ہے مشکل“ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں نے فلم فیئر گلیمئر اینڈ اسٹائل ایوارڈ کے ریڈ کارپٹ کی تقریب میں ایسی انٹری دی کہ سب حیران رہ گئے، یہی نہیں ایشوریا بہترین خاتون گلیمر کا ایوارڈ بھی لے اڑیں۔ ایشوریا رائے بہترین گلیمر خاتون کا ایوارڈ لینے اسٹیج پر پہنچیں تو بالی ووڈ کی دیوا گرل ریکھا نے انہیں ٹرافی دیتے ہوئے مذاق کیا کہ جب ایشوریا کی والدہ امید سے تھیں تو میری تصاویر دیکھتی تھیں اور ایشوریا اسی کا نتیجہ ہے۔ ریکھا کا یہ جملہ سن کر ایشوریا اور پورا ہال قہقہوں اور تالیوں سے گونج اٹھا۔ واضح رہے کہ رواں برس کے آغاز میں بھی ایک تقریب میں ریکھا نے ایشوریا کو ٹرافی دی تھی اور اس وقت ایشوریا کا کہنا تھا کہ اپنی ”ماں“ سے ٹرافی وصول کرنا بڑے اعزاز کی بات ہے۔ ایشوریا رائے امیتابھ بچن کی بہو ہیں جب کہ ماضی میں امیتابھ بچن اور ریکھا کے تعلقات کے خوب چرچے رہے ہیں۔