لاہور(ویب ڈیسک) پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے نیوزی لینڈ کو تیسرے ون ڈے میچ میں شکست دے کر نئی تاریخ رقم کردی۔آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں گرین شرٹس نے نئی تاریخ رقم کردی، دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والے اب تک کے13میچوں میں فتح حاصل کر کے تاریخ میں پہلی بارکیویزکوزیرکرنے کا بھی منفرد اعزاز حاصل کرلیا، میچ کی ہیرو آل راؤنڈر ثنا میر رہی جنھوں نے4 کھلاڑیوں کو پویلین چلتا کیا جبکہ معروف نے بھی 36 کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر قومی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں سیریز کے آخری میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم 43.4 اوورز میں صرف 155 رنز بنا کر ہمت ہار گئی، 6کھلاڑی ڈبل فیگرز میں بھی داخل نہ ہو سکیں اور50 کے مجموعی اسکور پر کیویز کی4 پلیئرز پویلین لوٹ چکی تھی۔کیویز کی طرف سے سب سے کامیاب کھلاڑی سیم کرٹس رہیں ، انھوں نے 5چوکوں کی مدد سے 50 رنز بنائے، ا یم ایل گرین نے 26، مارٹن اور ایم اے پیٹرسن15،15جبکہ اے سی کیر نے 12رنز بنائے۔ ایس ایف ایم ڈیوائن اور ایم ایم روی نے 2،2 بیٹس4، اے ای سیٹرویٹ 5، ٹی ایم ایم نیوٹن نے 7 جبکہ ایل ایم کاسپریک نے کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپسی کی راہ لی۔
ثنا میر نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا اور 25 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ سعدیہ یوسف نے2 جبکہ ایمن انور، ناشرا سندھو اور بسمہ معروف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں پاکستان ویمن نے ہدف 48.5 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
اوپنرز جویریہ خان اور کپتان بسمہ معروف نے قومی ٹیم کو 40 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا تاہم اسی مجموعہ پر جویریہ29 رنز پر پویلین لوٹ گئیں، کپتان بسمہ معروف نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 36 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
بعد ازاں بعد میں آنے والی پلیئرز نے کھل کر بیٹنگ کے جوہر دکھائے اور باآسانی ہدف حاصل کرنے میں ٹیم کی مدد کی۔ سدرہ امین 32 اور ناہیدہ خان 23 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔
ثنا میر نے ناقابل شکست رہ کر 12 رنز بنائے جبکہ عالیہ ریاض نے7 اور ارم جاوید نے ایک رن بنایا۔ اینا پیٹرسن نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایم ایم روی، ٹی ایم ایم نیوٹن اور اے سی کیر نے ایک، ایک کھلاڑی کا شکار کیا۔عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرنے پر ثنامیرکومیچ کی بہترین پلیئر کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔