Tag Archives: tool plaza.jpg

ذاتیات پر خبر نہیں چھپنی چاہیئے مگر وزارت اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر ھم ضرور بات کریں گے، ضیا شاہد کی وزیر مواصلات سے گفتگو

لاہور ( نمائندہ خصوصی ) مواصلات کے وفاقی وزیر حافظ عبدالکریم اور خبریں کے چیف ایڈیٹر ضیاشاہد کے درمیان بدھ کی صبح ٹیلی فون پر بات چیت ہوئی۔ حافظ عبدالکریم نے شکایت کی کہ خبریں ملتان میں میرے خلاف ذاتی طور پر قابل اعتراض خبر شائع ہوئی ہے۔ ضیاشاہد نے کہا کہ لاہور میں تو ایسی کوئی خبر نہیں البتہ نیشنل ہائی ویز اتھارٹی کے بارے میں خبر ضرور شائع ہوئی ہے۔ ہائی وے پر غیرقانونی طور پر دس ٹول پلازہ بن چکے ہیں جو عوام سے ناجائز اور غیرقانونی طور پر رقم وصول کر رہے ہیں۔ ہماری خبر کے مطابق یہ رقم دس ارب روپے سالانہ سے زائد بنتی ہے۔ کیا آپ نے اس سے پہلے وزیراعظم صاحب کے نام میرے کھلے خط کو نہیں پڑھا جس میں لاہور ملتان روڈ پر پکے نشانات اور کوئی گائیڈنس نہ ہونے کے بارے میں لکھا تھا۔ اس میں آپ کا تذکرہ موجود تھا۔ اس کے بارے میں اسلام آباد کے ہمارے نمائندے نے آپ سے رابطہ کیا مگر آپ نے کوئی جواب نہیں دیا۔ آج دوسری خبر شائع ہوئی ہے۔ براہِ کرم آپ بتائیں کہ آپ نے اپنی وزارت اور اس کے تحت کام کرنے والے ادارے کی ناقص کارکردگی کا کوئی نوٹس لیا ہے یا کوئی انکوائری کرائی ہے۔ اس پر انہوں نے کہا کہ مجھے اوپر سے کوئی کہے گا تو میں کارروائی کرونگا۔ چیف ایڈیٹر خبریں نے کہا یہ آپ کی ذمہ داری ہے۔ آپ کسی کے کہنے کا انتظار کیوں کر رہے ہیں۔ ملتان میں آپ کی ذات کے حوالے سے شائع ہونے والی خبر کا میں نے نوٹس لیا ہے۔ میں ان سے تحریری طور پر بازپرس کروں گا۔ جہاں تک آپ کی یونیورسٹی کے بارے میں طلبا کی شکایات کا تعلق ہے یا آپ کی وزارت کے ماتحت ادارے نیشنل ہائی ویز اتھارٹی کا مسئلہ ہے تو ہمیں جو شکایت ملی ہے ہم اسے شائع کرینگے اور آپ یا اتھارٹی کے چیئرمین کا مو¿قف لینے کےلئے رابطہ بھی کرینگے۔ یہ ہر صحافی کا فرض ہے۔ براہِ کرم ہمارے ساتھ تعاون کریں تاکہ حقائق سامنے آ سکیں۔