اسلام آباد(آئی ا ین پی ) تحریک انصاف کے خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی اسمبلی نے
بانی پی ٹی آئی کو جیل مینوئل کے مطابق سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے جبکہ چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کی عمران خان کو سیاسی قیدی قرار دینے اور مخصوص نشستوں پر پی ٹی آئی موقف کی حمایت کا خیر مقدم کیا ہے۔پی ٹی آئی کا ملکی سیاسی صورت حال سے متعلق اہم ترین اجلاس منعقد ہوا جس میں بلاول بھٹو کے حالیہ بیانات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، اراکین نے بلاول بھٹو سے اپنے بیانات پر عملی مظاہرہ کرنے کا مطالبہ کیا۔ رپورٹ کے مطابق اجلاس میں ارکان نے سہیل آفریدی، بابر سلیم سواتی اور جنید اکبر سمیت گرفتار رہنمائوں کو منظر عام پر لانے کا مطالبہ کیا، اور کہا گرفتار منتخب نمائندوں کو متعلقہ عدالتوں میں پیش کر کے دفاع کا مکمل حق دیا جائے۔ارکان قومی اسمبلی نے کہا عمران خان کو فوری طور پر ذاتی معالج، اہل خانہ اور وکلا سے ملاقات کی اجازت دی جائے۔ ارکان نے علیمہ خان کی تھری ایم پی او کے تحت گرفتاری کی مذمت کی اور فوری رہائی کا مطالبہ کیا، اور بشری بی بی کی رہائی اور انصاف کے تقاضے پورے کرنے پر زور دیا۔ارکان نے کہا پاکستان تحریک انصاف کے گرفتار رہنماں اور کارکنوں کے مقدمات میرٹ پر چلائے جائیں، سیاسی انتقامی کارروائیاں بند کی جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ منتخب نمائندوں اور سیاسی کارکنوں کو غیر قانونی طور پر غائب کرنا جمہوری اقدار کی توہین ہے۔ارکان نے خیبر پختونخوا میں سیاسی کارکنوں کے گھروں پر چھاپوں اور تھری ایم پی او کے تحت گرفتاریوں کی مذمت کی، اور کہا چادر و چار دیواری کا تقدس پامال کرنا اور سیاسی کارکنوں کو ہراساں کرنا آئین کی خلاف ورزی ہے۔
سہیل آفریدی بابر سلیم سواتی جنید اکبر و گرفتار رہنماوں کو منطر عام پر لایا جائے پی ٹی آئی اراکین قومی اسمبلی کے پی

