لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہاکہ بابا گرو نانک کے 557 ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کیلئے پاکستان آنے والے سکھ یاتریوں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ پاکستان بالخصوص پنجاب امن، محبت، مذہبی رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کی سرزمین ہے ـسکھ برادری کے لیے پاکستان میں مقدس مذہبی مقامات کی زیارت کیلئے بہترین سہولیات فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ بابا گرو نانک امن، محبت، بھائی چارے کے علمبردار ہیں، پاکستان آنے والے سکھ یاتری ہمارے مہمان ہیں، ان کی مہمان نوازی اور سہولت کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ سکھ یاتریوں کی آمد پر پرتپاک استقبال پاکستان کی مذہبی رواداری اور روایتی مہمان نوازی کا مظہر ہے۔پنجاب حکومت تمام مذاہب کے پیروکاروں کو اپنی مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے ‘مذہبی سیاحت کا فروغ پاکستان کا مثبت اور پْرامن تشخص دنیا بھر میں اجاگر کرنے کا ذریعہ ہے ۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پشاور کے نواحی علاقے متنی اور مستونگ میں دہشگردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کی ستائش کی ہے’وزیرِ اعلیٰ مریم نواز شریف نے متنی میں کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ وزیراعلی مریم نواز شریف کا خوشاب سکیسر روڈ پر ٹریفک حادثے میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ کا اظہار کیاہے ،وزیراعلی مریم نواز شریف نے سوگوار خاندان سے اظہارِ ہمدردی و تعزیت کیا اور حادثے کے ذمہ دار ڈمپر ڈرائیور کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی ہدایت کی ہے ـ
٭٭٭٭٭
