لاہور(خصوصی رپورٹ)میسیجنگ کے لیے معروف ایپ سنیپ چیٹ نے اپنے پہلے گیجٹ کا اعلان کیا ہے جو کیمرے سے لیس ایک ایسا چشمہ ہے جس سے ویڈیو ریکارڈنگ بھی کی جا سکتی ہے ۔کمپنی نے اس آلے کا نام سپیکٹیکلز رکھا ہے جس کے اس برس کے اواخر میں بازار میں آنے کی توقع ہے ۔ اس کی قیمت تقریبا 130 ڈالر ہو گی۔اس چشمے میں نصب کیمرے سے دس سیکنڈ تک کی ویڈیو ریکارڈ کی جا سکتی ہے ۔اس نئے گیجٹ کے ساتھ ہی کمپنی نے اپنا نام بھی بدل لیا ہے اور اب اسے سنیپ چیٹ کے بجائے سنیپ انک لکھا اور پکارا جائے گا۔برطانوی اخبار میں اس بارے میں ایک مضمون شائع ہوا جس میں اس ڈیوائس کے خالق ایوان سپیگل نے اس کے متعلق کہا کہ وہ ایک روز کی چھٹی پر کیلی فورنیا گئے تھے اور وہاں جنگل کی سیر و تفریح کے دوران جو ویڈیو لی اسے دیکھ کر انھیں لگا کہ جیسے وہ اپنی یادداشت دوبارہ دیکھ رہے ہوں۔ان کا کہنا تھاکسی تجربے کی تصویریں دیکھنا ایک بات ہے لیکن تجربے کا دوبارہ تجربہ کرنا بالکل الگ بات ہے ۔ یہ بالکل ایسے تھا جیسے میں اسی مقام پر دوبارہ پہنچ گیا ہوں۔