لاہور(کلچرل رپورٹر)اداکارہ ثنا جاوید نے اپنی پہلی فلم کی وجہ سے کئی ڈرامے چھوڑ دیئے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ فلم سائن کرنے کی وجہ سے انہیں دوزیرتکمیل ڈرامے چھوڑنا پڑے کیونکہ وہ ان دنوں فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔ثنا جاویدیاسر نواز کی فلم”مہرالنساءوی لب یو“ میں دانش تیمور کے ساتھ مرکزی کردار میں انہیںکاسٹ کیا گیا ہے۔ثنا جاوید کا کہنا ہے کہ میں اس فلم میں مہرالنساءکا مرکزی کردار ادا کر رہی ہوں۔یہ میری پہلی فلم ہوگی کیونکہ ”رنگریزہ“میں نے بعض گھریلو وجوہات کی بنا پر چھوڑدی تھی۔”رنگریزہ“میں وہ کردار اب عروہ حسین کررہی ہیں۔”مہرالنساءووئی لَب یو“ میں جاوید شیخ بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔دانش تیمور،جاوید شیخ اوریاسرنوازاس سے قبل فلم”رانگ نمبر“ میں بھی ایک ساتھ اداکاری کرچکے ہیں۔ثنا جاوید کو ڈرامہ سیریل ”پیارے افضل“سے شُہرت ملی تھی جس میں انہوں نے حمزہ علی عباسی اورعائزہ خان کے ساتھ اہم کردار کیا تھا۔ اس فلم کے حوالے سے یاسر نواز کا کہنا ہے کہ اس فلم میں ہم”رانگ نمبر“ والی غلطیاں نہیں دہرائیں گے اور توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔”رانگ نمبر“میں بجٹ بھی ایک مسئلہ تھا جس کی وجہ سے فلم کے تکنیکی پہلوں پرسمجھوتہ کرنا پڑا۔۔پاکستان میں سرکٹ چھوٹا ہونے کی وجہ سے بھی فلم پرلگے پیسے بڑی مشکل سے پورے ہوتے ہیں۔”مہرالنساءووئی لب یو“ اگلے برس عیدالفطر پر ریلیز کرنے کا ارادہ ہے۔جہاں تک ثنا جاوید کو فلم میں کاسٹ کرنے کا تعلّق ہے تو مجھے نئے لوگوں کے ساتھ کام کر کے اچھّا لگتا ہے۔میں سمجھتا ہوں کہ ٹی وی پر ثناءکی فن کارانہ صلاحیتیں مکمّل طور پرسامنے نہیں آئیں،ان سے اس طرح سے کام نہیں لیا گیا۔ فلم کا سکرین پلے یاسرنواز اور ثاقب سمیر نے لکھا ہے۔ثاقب سمیر فلم میں کام بھی کر رہے ہیں۔