مظفرنگر(آن لائن) بھارتی شہر مظفر نگر میں ہندوانتہا پسندوں نے اداکار سلمان خان کے خلاف مظاہرہ کیا اور ان کا پتلا نذر آتش کیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق مظفرنگر کے علاقے کوہٹلی ٹاو¿ن میں بی جے پی ایم ایل اے سے وابستہ شدت پسند تنظیم سنگیت سوم نے سلمان خان کی طرف سے پاکستانی فنکاروں کے حق میں دئے گئے بیان کے خلاف مظاہرہ کیا۔مظاہرین نے سلمان خان کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور ان کا پتلا نذرآتش کیا۔ مظاہرین نے دھمکی دی کہ اگر سلمان خان نے رویہ نہ بدلا توان کی فلموں کا بائیکاٹ کیاجائے گا۔ چند روز پہلے پاک بھارت کشیدگی کے دوران سلمان خان نے بیان دیا تھا کہ پاکستانی فنکار دہشتگرد نہیں ہیں اس لیے ان کے ساتھ دہشتگردوں جیسا سلوک نہیں کیا جانا چاہیے اور فن اور دہشتگردی کو آپس میں نہ ملایا جائے۔