کراچی(این این آئی)اسٹیٹ بینک آف پاکستان آج 10روپے کا سکہ جاری ہوگا،وفاقی حکومت نے اسٹیٹ بینک کو 10 روپے کا سکہ جاری کرنے کا اختیار دیا ہے۔ یہ سکہ پیر 24اکتوبر 2016 سے ایس بی پی بینکنگ سروسز کارپوریشن کے تمام فیلڈ دفاتر کے ایکسچینج کاونٹرز سے جاری کیا جائے گا۔ اسٹیٹ بینک کے اعلامیہ کے مطابق یہ سکہ پیلے رنگ کا اور گول ہے اور کنارے پر دندانے ہیں۔ اس کا قطر 25.5ملی میٹر ہے اور وزن 5.50گرام ہے۔اس کی دوسری خصوصیات میں سامنے کے رخ پر وسط میں بڑھتا ہوا ہلال اور پانچ نوکوں کا ابھرتا ہوا ستارہ ہے، جس کا رخ شمال مغرب کی طرف ہے۔ستارے اور ہلال کے اوپر کنارے کے ساتھ ساتھ اردو میں اسلامی جمہوریہ پاکستان کندہ ہے۔ ہلال کے نیچے اور گندم کی اوپر کی طرف خمیدہ دو بالیوں کے اوپر عددی صورت میں سکے کا سالِ اجرا درج ہے۔