اسلام آباد(آن لائن) وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان یہ بنیادی تنازعہ ہے ، برطانیہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کرانے کیلئے ٹھوس کردار ادا کرے، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے،پاکستان ہمسایہ ممالک کیساتھ اچھے اور دوستانہ تعلقات کی پالیسی پر عمل پیرا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے برطانیہ کے قومی سلامتی کے مشیر مارک لائل گرانٹ سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر دونوں رہنماﺅں نے خطے کی مجموعی امن وامان اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ، مارک لائل گرانٹ نے پاک افواج، عوام اور حکومت کی دہشت گردی کیخلاف جنگ میں قربانیوں کی تعریف کی اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے بارے وزیراعظم کی پالیسیوں کو سراہا ،مارک لائل گرانٹ نے آئی ایم ایف پروگرام کامیابی سے مکمل کرنے پر وزیراعظم کو مبارکباد پیش کی ۔وزیراعظم نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج معصوم ونہتے کشمیریوںپر ظلم کے پہاڑ توڑ رہی ہے ، بھارتی سکیورٹی فورسز کی جانب سے پیلٹ گنوں کا استعمال کیا جارہاہے جس کے باعث سینکڑوں کشمیریوں کی بینائی چلی گئی ہے اور درجنوں دیگر اس کے استعمال سے متاثر ہوئے ۔بھارتی فوج کی بربریت سے تقریباً100سے زائد قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر پاکستان اوربھارت کے درمیان کشیدگی کی بنیادی وجہ ہے اس کے حل سے ہی خطے میں امن کی ضمانت دی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیرکا کیس اقوام متحدہ کے پاس پڑا ہے اس لئے اقوام متحدہ کو کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کوحل کرنا چاہیے کشمیریوں کو ان کے حقوق دیئے جائیں، برطانیہ کو اس سلسلے میں اپنا ٹھوس اور موثر کردار ادا کرنا ہوگا ۔وزیر اعظم نواز شریف سے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف ،سیکرٹری مذہبی امور مرزا سہیل عامر اور ڈی جی حج جدہ ساجد یوسفانی نے ملاقات کی ۔وزیر اعظم نے بہترین حج انتظامات پر وفاقی وزیر اور وزارت مذہبی اموروحج ڈائریکٹوریٹ کے تمام ملازمین کی کوششوں کو سراہا۔وزیراعظم نے کہاحج انتظامات پچھلے سالوں کے مقابلے میں انتہائی موثراور احسن انداز میں سرانجام دیئے گئے،اس ضمن میں سعودی حکومت کے بھرپور تعاون کے شکر گزار ہیں۔انہوںنے کہایہ بات قابل تحسین ہے کہ حجاج کرام کو رہائشی ،سفری اورصحت کی بہترین سہولیات فراہم کی گئیں۔نواز شریف نے آئندہ کیلئے حجاج کرام کی سہولیات کو مد نظر رکھتے ہوئے مدینہ منورہ میں حج ڈائریکٹوریٹ بنانے کی منظوری دیدی ہے۔وزیر اعظم نے اسلام آباد میں موجودہ حج ٹریننگ ڈائریکٹوریٹ کو ترقی دے کر ڈائریکٹوریٹ جنرل بنانے کے احکامات بھی جاری کردیئے۔اس موقع پر وزیر اعظم نے حج کے بہترین انتظامات پر وزارت مذہبی امور اورحج ڈائریکٹوریٹ کے تمام ملازمین کیلئے چار مہینوں کی اضافی تنخواہیں دینے کے بھی احکامات جاری کیے۔