مجھے اس اطلاع سے انتہائی خوشی ہوئی ہے کہ روزنامہ ”خبریں“ نے اپنی اشاعت کے 24سال پورے کر لئے ہیں۔ اس خوشی کے موقع پر میں روزنامہ ”خبریں“ کے پبلشر، ادارتی سٹاف، صحافیوں،انتظامیہ اور تمام اخباری کارکنوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔صحافت کا 24سال کا سفر کامیابی سے مکمل کرنا روزنامہ خبریں سے منسلک صحافی اور اخباری کارکنوں کی کوششوں کا ثمرہے جو بجا طور پر قابلِ فخر بات ہے۔ موجودہ دور مسابقت کا دور ہے اور اس دور میں پرنٹ میڈیا کی بقا بہت محنت اور ریاضت کا تقاضا کرتی ہے۔ اس کاروباری اور پیشہ وارانہ مقابلہ کے دور میں آپ کا اخبار کامیابی سے اپنے صحافتی سفر پر رواں دواں ہے جس کے لئے اس ادارے سے منسلک تمام افراد مبارکباد کے مستحق ہیں۔پاکستان پیپلزپارٹی آزادی صحافت کی علمبردار ہے اور صحافت کی آزادی اور صحافیوں کے حقوق کے لئے تاریخ ساز جدوجہد کرتی رہی ہے اور کرتی رہے گی۔ پاکستان متعدد مسائل سے دوچار ہے اور ان میں سب سے گھمبیر مسئلہ یہ ہے کہ بعض گروہ طاقت کے زور پر اپنا موقف دوسرے لوگوں پر مسلط کرنا چاہتے ہیں۔ اس منفی سوچ کو جمہوری سوچ اور جمہوری فکر میں تبدیل کرنے کے لئے آپ کے اخبار کو موثر اور فعال کردار ادا کرنا چاہیے۔ ہمارا آئین اس بات کی اجازت نہیں دیتا کہ بنیادی انسانی حقوق کو پامال کرتے ہوئے بزور طاقت اپنی سوچ منوانے کی کوشش کی جائے۔ آئیے ہم سب ملکر ہر قسم کی زور زبردستی اور دہشتگردی کا خاتمہ کرنے کے لئے آپس میں اتحاد کا مظاہرہ کریں۔ مجھے توقع ہے کہ پاکستان میں جمہوری انداز فکر کی ترویج و اشاعت کے لئے روزنامہ خبریں اپنا فرض ادا کرے گا ۔ایک دفعہ پھر میں روزنامہ خبریں کے تمام کارکنان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور دعا کرتا ہوں کہ یہ اخبار ترقی کی منازل طے کرتا رہے۔