تازہ تر ین

دھرنے کی تاریخ بڑھ گئی۔۔۔

لاہور (خصوصی رپورٹ) تحریک انصاف کے 2نومبر کو اسلام آباد بند کرنے اور دھرنا دینے کے حوالے سے پی ٹی آئی نے پالیسی تبدیل کرنے پر غور شروع کردیا۔ ذرائع کے مطابق کارکنوں کی زیادہ گرفتاریوں کے بعد 2نومبر سے آگے کی تاریخ کا بھی اعلان کیا جا سکتا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ بنی گالہ میں ہونے والے اجلاس میں اس چیز پر زیادہ اتفاق کیا گیا ہے کہ یکم نومبر تک دیکھا جائے کہ گرفتاریوں کی کیا صورتحال ہے‘ حالات کیا بنتے ہیں‘ تحریک انصاف کو کتنی ہمدردیاں ملتی ہیں اور کس حد تک کارکن متحرک ہوتے ہیں‘ اگر نتیجہ بہتر رہا تو پھر 2نومبر کو دھرنا ورنہ یکم نومبر کو ہی اگلی تاریخ کا اعلان کر دیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق عمران خان کی طرف سے آج ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا گیا ہے تاکہ 2نومبر سے پہلے ہی صورتحال واضح ہو جائے کہ حکومت آخری حد تک کہاں تک جائے گی۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ کارکنوں کی پکڑدھکڑ اور خواتین پر تشدد کے بعد ملنے والی ہمدردیوں اور مختلف سیاسی جماعتوں کی طرف سے اس کی مذمت پر شاہ محمود قریشی‘ جہانگیر ترین‘ چودھری سرور اور دیگر مرکزی رہنما مختلف سیاسی جماعتوں سے رابطوں کا سلسلہ شروع کریں گے اور مختلف سفارتکاروں سے بھی ملیں گے۔ تحریک انصاف نے اس آپشن کو بھی رکھا ہوا ہے کہ اسلام آباد میں سخت انتظامات کے بعد اگر کارکن نہیں پہنچ سکتے تو یکم نومبر کو ہی متعدد شہروں میں ایسے احتجاجی مظاہرے ہوں کہ سڑکیں بلاک ہو جائیں جبکہ اسلام آباد میں خواتین پر تشدد کی ویڈیو پر عمران خان کی جانب سے ایک پیغام بنا کر آج سے چلایا جائے گا جو لوگوں کوگرمانے کیلئے ہو گا۔
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، شاہ محمود قریشی، نعیم الحق اور پارٹی کے چند دیگر نمایاں رہنماﺅں کو جمعرات کی رات دیر سے نظر بند کر دیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ حکومت نے عمران خان اور شیخ رشید کی تحریک کو دبانے اور ان کے منصوبے سے نمٹنے کیلئے یہ اقدام کیا ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ جمعہ کو پارٹی کی مکمل قیادت کو غیر اعلانیہ طور پر نظر بند کر دیا جائے گا جبکہ اسلام آباد پولیس اور پیرا ملٹری فورسز کی بھاری نفری عمران خان کی بنی گالہ کی رہائش گاہ پر تعینات کر دی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان، پی ٹی آئی کی قیادت اور شیخ رشید کو لال حویلی کے احتجاج میں شرکت کرنے نہیں دی جائے گی اور حکومت نے اپنی حکمت عملی طور پر پیرا ملٹری فورسز کی بھاری نفری کو مقامی پولیس کی معاونت کیلئے طلب کرلیا ہے۔اسلام آباد پولیس اورفرنٹیئر کانسٹیبلری کی بھاری نفری جمعرات کی رات بنی گالہ پہنچ گئی اور انہوں نے عمران خان کے گھر کے قریب پہنچ کر متعدد گاڑیوں کو چیک کیا۔ذرائع کے مطابق سرکاری ذرائع نے رہنماﺅں کی نظربندی کی تصدیق نہیں کی۔
راولپنڈی (خصوصی رپورٹ)لال حویلی کو سیل کردیا گیا لال حویلی روڈ پر 100سے زائد کنٹینرز لگائے گئے۔ لال حویلی جانے والے تمام راستے بند کردئیے گئے۔ واضح رہے کہ پاکستان عوامی مسلم لیگ کا آج جلسہ ہے جس سے عمران خان خطاب کریں گے،عوامی مسلم لیگ کے سینکڑوں کارکنوں کو پولیس نے گرفتار کرکے ساﺅنڈ سسٹم اور دیگر سامان اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔دوسری طرف پولیس کو شیخ رشید کو گرفتار کرنے کا حکم مل گیا،جبکہ پولیس نے عوامی مسلم لیگ کے متعدد کارکنان کو حراست میں لے لیا ہے۔راولپنڈی پولیس نے راولپنڈی کے ایم پی اے اعجاز خان جازی کے دو بھائیوں سمیت سات افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔جبکہ سابق ناظم راول ٹاﺅن اور شیخ رشید کے ہتھچے راشد اور دیگر کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain