اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے حکومت کو پی ٹی آئی کارکنوں کی پکڑ دھکڑ سے روکنے کا حکم جاری کر تے ہوئے گرفتار کارکنوں کی فہرستیں طلب کرلی ہیں۔ عدالت عالیہ نے انتظامیہ کو شہر میں کنٹینر نہ لگانے کا بھی حکم دیا ہے جبکہ پی ٹی آئی کے وکیل نے اسلام آباد بندش کے خلاف عدالت عالیہ کا حکم من و عن تسلیم کرنے کا بیان عدالت میں ریکارڈ کروا دیا ہے۔ پی ٹی آئی کے وکلاءنے بتایا کہ انتظامیہ نے عدالت کے جمعرات کے حکم کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نہ صرف کنٹینرز لگا کر رکاوٹیں کھڑی کی ہیں بلکہ پی ٹی آئی کے کارکنوں کو بھی گرفتار کرلیا ہے‘ جس پر جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کہا کہ عدالت کو اپنے حکم پر عملدرآمد کرانا آتا ہے‘ آپ یہ بتائیں کہ آپ عدالتی حکم پر عملدرآمد کریں گے جس پر پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ ان کی جماعت عدالتی فیصلے پر من و عن عملدرآمد کرے گی۔ جسٹس شوکت نے کہا کہ نہ کوئی غیرقانونی گرفتاری ہوگی نہ ہی کنٹینرز لگیں گے۔ آپ عدالتوں کی بھی کردارکشی کرتے ہیں۔ جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے استفسار کیا کہ آپ پرامن احتجاج کریں گے یا کہ اسلام آباد بند کریں گے‘ آپ تو عدالتوں کو بھی موردالزام ٹھہرا دیتے ہیں۔ وفاق کی جانب سے ڈپٹی اٹارنی جنرل ارشد محمود کیانی پیش ہوئے اور عدالتی فیصلے پر عمل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ عدالت نے ضلعی انتظامیہ کو پی ٹی آئی کارکنان کی پکڑ دھکڑ سے روک دیا جس پر ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہا کہ عدالت سب کے لیے حکم جاری نہ کرے بلکہ یہ حکم صرف پٹیشنرز کی حد تک کریں۔ عدالت نے کہا کہ انتظامیہ قانون توڑنے والوں کے خلاف کارروائی کرسکتی ہے لیکن پرامن احتجاج کرنے والوں کو نہ چھیڑا جائے۔ عدالت نے تحریری فیصلے میں قرار دیا ہے کہ تحریک انصاف کے وکیل نے پارٹی کی طرف سے ریکارڈ کرائے گئے بیان میں یقین دہانی کرائی ہے کہ عدالت عالیہ کے 27اکتوبر کے فیصلے پر من و عن عمل کیا جائے گا اور تحریک انصاف مقررہ جگہ پریڈ گراﺅنڈ پر احتجاج کرے گی۔ انتظامیہ شہریوں کی نقل و حمل روکنے کے لیے کنٹینرز نہیں لگائے گی۔ اسلام آباد ضلعی انتظامیہ قانون کے دائرے میں رہے اور تحریک انصاف کے پرامن کارکنوں کو ہراساں نہ کیا جائے۔ قانون توڑنے والوں کے خلاف انتظامیہ ضابطے کے تحت کارروائی کرے۔
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالہ ٹینٹ سٹی میں تبدیلی ہو گئی۔ پی ٹی آئی کے کارکنوں نے بنی گالہ میں ڈیرے ڈال دیئے اور کھانے پکانے کیلئے تندور اور چولہے بھی لگ گئے۔ کارکنوں کو سردی سے محفوظ رکھنے کیلئے ضروری سامان فراہم کر دیا گیا۔ عمران خان کی بہن حلیمہ خان بنی گالہ پہنچ گئیں۔ صبح کے وقت کارکنوں کو سری پائے اور نان چنے کا ناشتہ کرایا گیا۔ کمیٹی چوک اور لال حویلی کے اطراف سے کنٹینرز ہٹا کر سڑکیں کھول دی گئیں۔ راولپنڈی اور اسلام آباد میں زندگی معمول پر آ گئی۔ میٹرو بس سروس گزشتہ روز عوامی مسلم لیگ کے جلسے کی وجہ سے بند کی گئی تھی جو آج صبح بحال کر دی گئی۔ پی ٹی آئی کے کارکنوں کی بڑی تعداد جڑواں شہروں میں گھومتی پھرتی نظر آ رہی ہے۔
بنی گالہ‘ ٹینٹ سٹی