لاہور( خصوصی رپورٹ)کاجل ہر زمانے میں مقبول رہا ہے۔ عرصہ دراز سے خواتین کاجل کا استعمال کرتی رہتی ہیں۔ قدیم تہذیب میں بھی اس کے استعمال کاذکر موجود ہے۔ 70کی دہائی کی فلموں میں بالی ووڈ کی ہیروئنیں کاجل کے ساتھ دیکھی گئی ہیں۔ کاجل آنکھوں کی خوبصورتی میں اضافہ کا کام کرتا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ کسی کے دل میں بسنے کیلئے آنکھوں کا خوبصورت ہونا بہت ضروری ہے۔ کاجل آنکھوں کی خوبصورتی میں اضافہ اور اس کو پرکشش بنانے میں اہم رول ادا کرتا ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ کاجل آنکھوں کو رعنائی بخشتا ہے اور اسے جاذب النظر بھی بناتا ہے۔ آئی میک اپ میں کاجل کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ کاجل کی باریک لکیر نہ صرف خوبصورت آنکھوں کو نمایاں کرتی ہے بلکہ یہ آپ کے چہرے کو چمک اور رونق بھی بخشتی ہے۔ کاجل کا استعمال مختلف امراض کے علاج میں بھی کیا جاتا ہے۔ کاجل لگانے سے آنکھیں نرم تاثر دیں گی بلکہ چہرہ بھی خوشنما دکھائی دینے لگے گا۔ کاجل لگانے سے قبل آنکھوں کو ٹھنڈے پانی سے دھو لیں تاکہ پلکوں اور آنکھوں کے اطراف گرد صاف ہو جائے۔ آنکھوں کے اطراف جلد خشک ہے تو آپ موئسچرائزنگ لوشن لگائیں یا اس لوشن کا آنکھوں کے اطراف ہلکا مساج کریں۔ اس کے خلاف آپ کی جلد روغنی ہے تو آپ اس شکایت کو دور کرنے کیلئے پاﺅڈر بھی استعمال کر سکتی ہیں۔ بازار میں کاجل کے مختلف برانڈز دستیاب ہیں مگر معیاری کاجل ہی خریدیں یا پھر گھر میں کاجل بنائیں۔ غیرمعیاری اور سستا کاجل قطعی استعمال نہ کریں۔ اس سے آئی انفیکشن کا خدشہ لگا رہتا ہے۔ گھر کی بڑی بوڑھی عورتیں نیم‘ لہسن کا کاجل تیار کرنے کا فن جانتی ہیں۔ بہتر رہے گا کہ بڑی اور معمر عورتوں سے کاجل بنوا لیں۔ نیم کے پھولوں سے تیارکردہ کاجل آنکھوں کی صحت کیلئے بہتر مانا جاتا ہے۔ زچہ اور بچہ دونوں کو یہی کاجل تجویز کیا جاتا ہے۔ اگر آپ کاجل سازی کے طریقہ سے واقف نہیں ہیں تو یہ منصوبہ ترک کر دیں۔ بازار سے معیاری کاجل خرید کر اسے استعمال کریں۔ بدلتے موسموں کی بدولت جہاں زندگی میں کئی تبدیلیاں رونما ہوتی ہیں‘ وہیں جلد پر بھی بہت سے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ بات اگر موسم گرما اور برسات کی ہو تو یہ موسم تو ویسے بھی خواتین کیلئے خاصا مشکل ہوتا ہے۔ حبس اور تیز گرمی کی وجہ سے جلد کو بہت سے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ سورج کی تیز شعاعوں سے نہ صرف رنگت سیاہ پڑ جاتی ہے بلکہ چہرے کی شادابی ختم ہو جاتی ہے۔ خواتین تھوڑی سی کوشش کریں تو نہایت خوش اسلوبی سے اس مرحلے سے گزر سکتی ہیں اور گرمیوں کے موسم میں بھی خوبصورت اور بارونق چہرے کی مالک بن سکتی ہیں۔ گرمیوں کے موسم میں اپنی جلد کو نکھارنے اور تروتازہ رکھنے کیلئے پانی زیادہ سے زیادہ پئیں۔ اپنے چہرے کی صفائی کاخاص خیال رکھیں۔ دن میں کم از کم چار مرتبہ منہ دھوئیں۔ اگر ہو سکے تو نیم کے پتوں کو پانی میں ابال لیں۔ اس سے چہرہ دھوئیں‘ اس طرح چہرے کی صفائی کے ساتھ ساتھ مہاسوں میں بھی کمی آ سکتی ہے۔ اپنے چہرے کودھوپ کی تیز شعاعوں سے محفوظ رکھیں۔