پشاور(ویب ڈیسک) خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر برائے آبپاشی و سوشل ویلفیئر سکندر حیات خان شیرپاﺅ نے وفاقی حکومت سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ سی پیک منصوبے سمیت خیبر پختونخوا کے تمام حقوق اور ملک میں مردم شماری کے لئے جلد از جلد اقدام اٹھاکر چھوٹے صوبوں کی محرومیاں ختم کر دیں جس سے وفاق کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔ انہو ںنے ان خیالات کا اظہار دوسہرا ضلع چارسدہ میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جلسہ سے ممبر صوبائی اسمبلی سلطان محمد خان اور قومی وطن پارٹی کے رہنماﺅں میاں اصف شاہ کاکاخیل اور محمد عمران خان نے بھی خطاب کیا ۔سینئر وزیر نے کہا کہ گزشتہ چالیس سال سے پختونوں کے گھروں میں جو آگ لگائی گئی ہے اس نے پختون قوم اور علاقے کو بری متاثر کیا ہے جس کی وجہ سے صوبہ اور قبائلی علاقہ جات پسماندگی کے شکار ہیں۔ انہو ںنے کہا کہ صرف لاہور شہر کے لئے پچاس ارب روپے کا بجٹ خرچ کیا جا رہا ہے جب کہ ہمیں عوام کو صحت اور تعلیم کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے اپنے حصے کے وسائل نہیں دے رہے ہیں ۔ انہو ںنے پختونوں پر زور دیا کہ اپنی حقوق کی حصول کے لئے مشترکہ جدوجہداور ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو جائیں ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پانامہ لیکس کے آڑ میں عوامی مسائل کو دبانے کی کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔سکندر شیرپاﺅ نے کہا کہ ضلع چارسدہ میں ٹیکنیکل یونیورسٹی کا کیمپس قائم کیا جا رہا ہے جس پر ایک ارب روپے کی خطیر رقم خرچ کی جا رہی ہے اور سی پیک منصوبے کے ساتھ آنے والے صنعتی انقلاب کو پیش نظر رکھتے ہوئے نوجوان طبقہ کو فنی تربیت سے آراستہ کیا جا رہا ہے تاکہ ہماری نئی نسل بے روزگاری کی عذاب سے نجات پا سکے ۔ انہو ںنے کہا کہ سی پیک منصوبے میں صوبائی اور قبائلی علاقہ جات کی شمولیت کے لئے ہر فورم پر جدوجہد کریں گے کیونکہ اس منصوبے سے ریجن میں چالیس لاکھ افراد کو روزگار کے مواقع پید ا ہوں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع چارسدہ میں آبپاشی کی فروغ کے لئے تین ارب روپے کی ایک جامع منصوبہ تیار کیا گیا ہے جس پر 15دسمبر2016ءتک کام شروع کر دیا جائے گا ۔ انہو ںنے کہا کہ حلقہ پی ایف 18-میں 17کروڑ روپے کی لاگت سے مختلف منصوبے بھی شروع کررہے ہیں جب کہ بجلی کی فراہمی کی مد میں 60لاکھ روپے جاری کئے گئے ہیں اور آئندہ دس روز میں ٹرانسفارمرز اور دوسرے ضروری سامان مہیا کریں گے ۔سوئی گیس کی فراہمی سے متعلق وزیر آبپاشی نے کہا کہ وفاقی حکومت کے ساتھ ہماری ایک جامع منصوبہ آخری مراحل میں ہے جس پر بہت جلد عملی اقدامات شروع کئے جائیں گے ۔انہو ںنے ہریانہ گاﺅں میں دو کلومیٹر روڈ کی پختگی کا افتتاح بھی کیا جس پر ڈھائی کروڑ روپے خرچ کئے جا رہے ہیں جو چار ماہ میں مکمل کیا جائے گا ۔ واضح رہے کہ یہ علاقہ ضلع چارسدہ اور نوشہرہ کے سنگ پر واقع ہے اور اس روڈ سے دونوں ضلعوں کے عوام کو فائدہ پہنچے گا ۔ انہو ںنے علاقے میں دوسرے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا بھی اعلان کیا ۔