لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف گزشتہ روز اپنی مادر علمی گورنمنٹ کالج یونیورسٹی پہنچے تو اس موقع پر یونیورسٹی کی فیکلٹی اور طالب علموں نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔ جی سی یونیورسٹی پہنچ کر آرمی چیف جب اپنی گاڑی سے اتر کر یونیورسٹی کی عمارت کی طر ف روانہ ہوئے تو وہاں موجود طالب علموں نے فرط جذبات میں آکر بے ساختہ ان کے نام کے نعرے لگانے شروع کر دیئے اور تالیوں کی گونج کے ساتھ جنرل راحیل شریف کا والہانہ استقبال کیا۔ جنرل راحیل شریف کی پروقار شخصیت سے متاثر ہو کر کچھ طالب علم ان کو قریب سے دیکھنے کے لیے آگے آر ہے تھے جنہیں آرمی چیف کے سکیورٹی سٹاف اور یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے روکا جارہا تھا۔ اس دوران یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے کچھ بچوں کو پکڑ کر پیچھے دھکیلنے کی کوشش کی گئی تو آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے فوری طور پر ایک اہلکار کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ارے ،بابا جی چھوڑ دو ان بچوں کو ۔آرمی چیف کے منہ سے یہ الفاظ سن کر وہاں موجود طالب علموں میں جوش اور بھی بڑھ گیا اور انہوں نے با آواز بلند آرمی چیف کے نعرے لگائے ۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نجی دورے پر لاہور پہنچ گئے۔ آرمی چیف کے لاہور پہنچنے کے موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔