اسلام آباد (ویب ڈیسک) چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف جنرل راشد محمود نے وزیراعظم نوازشریف سے الوداعی ملاقات کی۔ اس موقع پر بحریہ اور فضائیہ کے سربراہ، مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ، وفاقی وزرا اسحاق ڈار، خواجہ آصف اور طارق فاطمی بھی موجود تھے۔بعد میں وزیراعظم نوازشریف نے چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جنرل راشد نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مخلصانہ مشورے دیے، ان جیسی عسکری قیادت دہشتگردی، بیرونی خطرات سے نمٹنے کیلئے ضروری ہے۔جنرل راشد محمود نے اہم عہدوں پرفرائض سرانجام دیے، ہمارے دل اور دروازے ہمیشہ جنرل راشد محمود کے لیے کھلے رہیں گے، آئندہ بھی ان کی بصیرت سے فائدہ اٹھاتے رہیں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ ملک کی حربی طاقت کو مضبوط، جدید بنانے میں جنرل راشد نے اہم کردار ادا کیا۔ جنرل راشد نے دوست ممالک کی عسکری قیادت سے روابط کیلئے اہم کردار ادا کیا۔ جنرل راشد محمود کا کردار آنے والوں کے لیے مشعل راہ ہے۔