لاہور (خصوصی رپورٹ‘ کرائم رپورٹر) ملت پارک میں چند روز قبل ڈکیتی مزاحمت کے دوران 5 افراد کے قتل کی سنگین واردات میں ایک حسینا بھی ملوث نکلی۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ اس نے 3 مشتبہ افراد اور حسینا کو گرفتار کرلیا ہے‘ جس کی خدمات بھاری معاوضہ کے عوض کرایہ پر حاصل کی گئی تھیں۔ جس نے واردات میں بنیادی کردار ادا کیا اور ڈاکوﺅں کیلئے اسلحہ لے کر چلتی رہی۔ پولیس چونکہ اکثر لڑکیوں کو چیک نہیں کرتی۔ حسینا نے اس سے فائدہ اٹھایا اور بلا روک ٹوک ڈاکوﺅں کو اسلحہ پہنچا دیا۔ اس کا نام فروا بتایا جارہا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ مجرم اب حسیناﺅں کی خدمات حاصل کرنے لگے ہیں اور وارداتوں کیلئے نیا رجحان چل نکلا ہے کیونکہ گشت کرنے والی پولیس پارٹیوں سے کامیابی کے ساتھ بچ کر نکل جاتی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ گرفتار ملزمان کی تعداد چار ہوگئی۔ معلوم ہوا ہے کہ پکی ٹھٹھی میں ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کرکے پانچ افراد کی جان لینے والے تین ملزم پکڑے گئے تھے۔ گرفتار ملزمان زاہد‘ جہانگیر اور باسط عرف باسو نے انکشاف کیا کہ ان کی ایک ساتھی خاتون ڈاکو بھی ہے جس پر پولیس نے فروا نامی ایک خاتون کو بھی حراست میں لے لیا۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ ملزم کی نشاندہی جائے وقوعہ سے کچھ دور لگے ایک سی سی ٹی وی فوٹیج سے ہوئی۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ سی سی پی او لاہور امین وینس اس اہم ایشو پر آج قلعہ گجر سنگھ میں پریس کانفرنس میں ملزمان کو میڈیا کے سامنے پیش کریں گے۔