تازہ تر ین

ٹرمپ نے بھی اپنی ٹیم بنا لی

واشنگٹن( ویب ڈیسک ) نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی نئی انتطامیہ کی دو اہم پوزیشنز پر تعیناتی کا فیصلہ کر لیا ہے جبکہ یہ فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے کہ امریکہ کا آئندہ وزیر خارجہ کون ہوگا ۔ٹرمپ نے صحت اور انسانی خدمات کی وزارت کے لئے ریاست جارجیا سے تعلق رکھنے والے رکن کانگریس ٹام پرائس کا انتخاب کیا ہے، جو صدر اوباما کے صحت عامہ کی اصلاحات کے منصوبے کے کٹر مخالف ہیں اور نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ان کوششوں کی قیادت کریں گے، جو وہ اوباما کیئرکہلانے والے قانون میں ترمیم یا اس کے خاتمے کے لئے کرنا چاہتے ہیں ۔ٹرمپ نے، چھ بار رکن کانگریس بننے والے ٹام پرائیس کو، جو ایک آرتھو پیڈک سرجن بھی ہیں، صدر اوباما کے چھ سال پرانے صحت عامہ کےقانون کے خلاف جدو جہد کے لئے غیر معمولی اہلیت کا حامل قرار دیا۔ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم کے دوران صحت عامہ کے اس قانون کو ختم کرنے کا عزم کیا تھا، جبکہ ناقدین کا کہنا تھا کہ امریکی عوام کے لئے، جنہیں اپنی ملازمت کے اداروں سے ہیلتھ انشورنس فراہم نہیں کی جاتی، ذاتی حیثیت میں ہیلتھ انشورنس خریدنا بہت مہنگا ہو چکا ہے۔ٹام پرائس کی وزیر صحت کے طور پر نامزدگی کو امریکی سینیٹ کی منظوری درکار ہوگی، جہاں جنوری میں ڈونلڈ ٹرمپ کے امریکی صدارت سنبھالنے کے بعد ریپبلکن پارٹی کو معمولی اکثریت حاصل ہو سکتی ہے۔امریکہ کے وزیر ٹرانسپورٹ کے عہدے کے لئے ایک ریپبلکن عہدیدار اور سا بق صدر جارج ڈبلیو بش کی لیبر سیکرٹری ایلین چا کی نامزدگی کا فیصلہ کیا گیا ہے، جو امریکی سینیٹ کے اکثریتی راہنما مچ میکونل کی اہلیہ ہیں اور خیال ہے کہ ان کے نام کو امریکی سینیٹ سے باآسانی منظوری مل جائے گی۔وزارت خارجہ کے اہم ترین عہدے کے لئے ڈونلڈ ٹرمپ نے گذشتہ روز امریکی سی آئی اے کے سابق سربراہ اور ریٹائرڈ فوجی جنرل ڈیوڈ پیٹرئیس سے ملاقات کی تھی۔ منگل کو انہوں نے ریاست ٹینیسی کے سینیٹر اور سینیٹ فارن ریلیشنز کمیٹی کے چئیرمین باب کورکراور دو ہزار بارہ کے ریپبلکن صدارتی امیدوار مٹ رومنی سے ملاقات کی ہے۔ ٹرمپ کے کچھ مشیروں کا کہنا ہے کہ ٹرمپ مٹ رومنی کو وزارت خارجہ دینے کے حق میں ہیں لیکن ٹرمپ کی کیمپین مینیجر کیلی این کانوے سمیت کچھ ریپبلکنز نے مٹ رومنی کی وزارت خارجہ کے لئے تعیناتی کی کھل کر مخالفت کی ہے۔ مٹ رومنی نے، جو ریاست میسا چوسٹس کے گورنر رہ چکے ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ کو فراڈ اور کان مین یعنی جعلی آدمی قرار دیا تھا اور ان کی عوامی سطح پر حمایت سے انکار کر دیا تھا ۔


اہم خبریں





   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain