نئی دہلی (آئی این پی) بھارتی وزیر مملکت داخلہ کرن رجیجونے الزام لگایا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں احتجاج کو ہوا دینے کیلئے حوالہ اور دیگر ذرائع سے پیسے بھیجے جارہے ہیں۔ سرحدی علاقوں میں پاکستانی ٹیلیفون نمبرات و ناموں پر مشتمل ربر کے ٹیگوں کے ساتھ کچھ کبوتر پکڑے گئے۔ گزشتہ روز بھارتی پارلیمنٹ کے ایوان بالا راجیہ سبھا میں ایک سوال کا تحریری جواب دیتے ہوئے رجیجو نے کہا کہ کشمیر میں احتجاج کو ہوا دینے کی خاطر قوم دشمن عناصر کو حوالہ اور دیگر ذرائع سے پیسے بھیجنے کا عمل جاری ہے۔رجیجو کے ساتھی اور ایک اور وزیر مملکت برائے داخلہ ہنس راج اہر نے کہا کہ علیحدگی پسند اور جنگجو بیرونی ممالک سے حوالہ کے ذریعے فنڈس حاصل کرتے رہے ہیں۔سرحدی کشیدگی کا حوالہ دیتے ہوئے رجیجو نے کہا کہ جموں وکشمیر میں دراندازی کی کوشش کرنے والے24مشتبہ جنگجوﺅں کو ہلاک کیاگیا جبکہ اکتوبر کے آخر تک دراندازی کی78کوششیں ہوئیں۔ رجیجو کے مطابق اکتوبر تک جموں کشمیر میں سرحد پار سے دراندازی کے201 جبکہ پنجاب سرحد سے30کوششیں ہوئیں۔انہوں نے کہا کہ ستمبر اور اکتوبر کے درمیان سرحد پار فائرنگ کی وجہ سے5بی ایس ایف اہلکار اور سات دیگر زخمی ہوئے۔ بھارتی بی ایس ایف کے ڈائریکٹر جنرل کے کے شرما نے دعوی کیا ہے کہ جموں کے سانبہ سیکٹر میں حملہ کرنے والے تین جنگجووں نے 80میٹر لمبی ٹنل پار کرکےورکنگ باﺅنڈریعبور کی تھی۔ مسئلہ پاکستانی ہم منصب کے ساتھ اٹھاﺅں گا مگر کافی عرصے سے کشیدہ صورتحال کی وجہ سے پاکستان کی طرف سے فون رابطہ نہیں ہورہا ہے۔گزشتہ روز یہاں بی ایس ایف کے 51 تربیتی دن کے موقع پرمیڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کے کے شرما نے کہا کہ سرجیکل سٹرائکس کے بعد صورتحال کشیدہ ہے کیونکہ بی ایس ایف نے 15پاکستانی رینجرز اور 10جنگجووں کو ہلاک کیا ہے،بھارت کے پانچ جوان بھی ہلاک ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز کو یہ پکی اطلاع تھی کہ جنگجو سرحد پار کرنے کی کوشش کریں گے اور اس لئے بی ایس ایف پہلے ہی دراندازی کی کوششوں پر نظر رکھی ہوئی تھی جسکی وجہ سے ہم خطرناک ہتھیاروں سے لیس جنگجوﺅں کو مارنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنگجوﺅں کے خلاف کاروائی کرنے کے بعد ہم نے سرحد پر کی گئی تاربندی کو دیکھا جہاں کوئی بھی خلاف ورزی نہیں ہوئی تھی۔ تلاشی کاروائی کے دوران 2×2لمبائی کی ایک ٹنل کا پتا لگایا ہے۔ ٹنل کھیتوں کے بیچ میں پائی گئی جہاں کی مٹی نرم تھی۔یہ ٹنل 75سے 85میٹر لمبی اور35سے 40میٹر سرحد کے اندر تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس کافی ثبوت ہیں تینوں جنگجووں اسی ٹنل سے ہوتے ہوئے سرحد کے اس پارآئے تھے۔