ممبئی(شوبز ڈیسک) جاوید شیخ کی بیٹی اور ٹی وی اداکارہ مومل شیخ کہتی ہیں کہ وہ بالی ووڈ میں رنویر سنگھ کے ساتھ کام کرنا چاہتی ہیں۔ جاوید شیخ کی طرح ان کی اداکارہ بیٹی مومل شیخ بھی ان پاکستانی فنکاروں میں شمار ہوتی ہیں جنہوں نے پاکستانی ٹی وی ڈراموں میں مقبول ہونے کے بعد اب بالی ووڈ میں قدم رکھا۔ مومل شیخ ‘ہیپی بھاگ جائے گی’ کے ذریعے بھارتی فلم نگری میں انٹری دے چکی ہیں، فلم میں انہوں نے ایک پاکستانی لڑکی کا کردار نبھایا ہے۔ ایک انٹرویو میں بالی ووڈ میں کام کے حوالے سے مومل شیخ نے کہا کہ انہیں بھارت میں کام کر کے بہت مزہ آیا، لوگ ان سے بہت گرم جوشی سے ملے۔ اور انہیں بھارت میں گھر جیسا ہی محسوس ہو رہا تھا کیونکہ فلم کی شوٹنگ چندی گڑھ میں ہوئی ہے اور چندی گڑھ بھارتی صوبے پنجاب میں ہے۔ مومل شیخ کا کہنا تھا کہ انہوں نے سن رکھا ہے کہ رنویر سنگھ حسن مزاح رکھنے والے اداکار ہیں، جب وہ سیٹ پر آتے ہیں تو ماحول خوشگوار بنا دیتے ہیں، وہ خود بھی ایسی ہی ہیں، اس لئے انہیں لگتا ہے کہ رنویر کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ بہت اچھا ہوگا۔ پاک بھارت کشیدگی کے حوالے سے مومل شیخ کا کہنا تھا کہ کشیدگی کہاں نہیں ہوتی۔ یہی تو ہمارا امتحان ہے کہ ہم اپنے تعلقات کو کتنی خوبصورتی سے نبھاتے ہیں، یہ آرٹ کی دنیا اورفن سے منسلک کام ہے، فنکار ہونے کی حیثیت سے ہمارا کام ہے کہ ایسے مسائل اور مشکلات سے لوگوں کو دور رکھیں۔