اسلام آباد(ویب ڈیسک) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ کوئی بھی پائلٹ جان بوجھ کر اپنی جان خطرے میں نہیں ڈالتا اورحویلیاں طیارہ حادثے کے ذمہ دار ایم ڈی پی آئی اے ہیں انہیں فوری طور پر برطرف کیا جائے۔پارلیمنٹ کے باہرسید خورشید شاہ کا میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کوئی بھی پائلٹ اپنی جان کو جان بوجھ کرخطرے میں نہیں ڈال سکتا، حویلیاں طیارہ حادثے کے ذمہ دار ایم ڈی پی آئی اے ہے انہیں فوری برطرف کیا جائے اورآئندہ اس طرح کے سانحات سے بچنے کےلئے حالیہ واقعے کی جنگی بنیادوں پرتحقیقات شروع کی جائیں۔خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ اے ٹی آرز بلند مقامات پر جانے کے لئے موزوں نہیں لیکن جو طیارہ اونچی پرواز کےلئے نہیں بنا اسے چترال بھیج دیا گیا اوریہی اے ٹی آرہرماہ لاکھوں روپے کا نقصان بھی کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے حکومت کو4 مطالبات پیش کئے ہیں یہ چاروں مطالبات قومی نوعیت کے ہیں، حکومت جان لے ہم لاٹھیاں کھانے والے کارکن ہیں اگر مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو حکومت کےلئے بہت مشکل ہوجائے گی۔