لاہور( خصوصی رپورٹ)بدلتے موسموں اور حالات کے باوجود صاف اور دمکتی رنگت ہر کسی کا خواب ہوتا ہے۔ اب جبکہ سردیوں کی آمد ہو چکی، یعنی خشک اور بے جان جلد کے دن آ گئے ہیں۔ ان دنوں میں بہتر لوشن، کریموں، موئسچرائزر، فیس واش اور دیگر چیزوں کے استعمال کے مشورے تو عام ہوتے ہیں، لیکن کچھ عادات ایسی ہیں، جنہیں اپنا کر آپ اپنی رنگت کو اس موسم میں بھی بہتر بنا سکتے ہیں، جیسا کہ:
خوب پانی پئیں:اپنی جلد پر ایک عنایت کریں، اسے پانی دیں۔ جب جسم میں پانی ہوتا ہے، تو جلد زیادہ ملائم اور صحت مند نظر آتی ہے۔ ماہرین کے مطابق پانی کی وافر موجودگی کیل، مہاسوں کے پھیلنے کو بھی روکتی ہے۔
میٹھا ترک کردیں:صحت مند خوراک بھی اچھی جلد کے لیے لازمی ہے۔ اس سمت میں پہلا قدم ہے، میٹھے کو محدود کرنا۔ جلدی ماہرین کہتے ہیں کہ عام میٹھے کی بجائے پھلوں اور سبزیوں کا استعمال زیادہ مناسب ہے کیونکہ یہ وٹامنز، معدنیات اور اینٹی آکسیڈینٹس کے حامل ہوتے ہیں، جو صحت مند جلد کے لیے ضروری ہیں۔
سبز چائے کا استعمال:سبز چائے میں موجود پولی فینلز بہترین اینٹی آکسیڈینٹس ہیں، جو جلد کو پہنچنے والے نقصان کو روکتے ہیں۔ اپنی خصوصیات کی وجہ سے سبز چائے جلد میں سرخی، سوجن اور خارش کو کم کرنے میں بھی مدد دیتی ہے۔
میک اپ لازمی اتاریں:جلد کا ہر ماہر ڈاکٹر آپ کو یہی مشورہ دے گا کہ رات کو سونے سے پہلے اپنا میک اپ لازمی اتاریں کیونکہ یہ مساموں کو بند کر سکتا ہے، جس کی وجہ سے جلد ڈھیلی اور بے جان ہو سکتی ہے، تو چاہے تھکاوٹ سے آپ کا برا حال کیوں نہ ہو، کسی بھی تقریب سے آنے کے بعد رات کو میک اپ اچھی طرح صاف کرکے ہی سوئیں۔
بھرپور نیند لیں:نیند کم ہونے کی صورت میں جلد بے جان نظر آئے گی۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ رات میں سات سے آٹھ گھنٹے کی نیند لینا ضروری ہے۔ اس آرام کی وجہ سے جلد کو زندگی اور چمک ملتی ہے۔
تکیے کا غلاف بدلیں: ڈاکٹر سوتی کی بجائے ریشمی غلاف تجویز کرتے ہیں کیونکہ اس سے چہرے کی جلد اور تکیے کے درمیان کم رگڑ پیدا ہوتی ہے۔ یوں ایک طرف جہاں چہرے کو اچھا احساس ملتا ہے، وہیں اس چہرے کے اس رخ پر جھریاں اور لکیریں نہیں آئیں گی، جس پر آپ اکثر سوتے ہیں۔