ممبئی (بی بی سی) معروف اداکار دلیپ کمار اتوار کو 94 سال کے ہوگئے اور انکے ساتھ فلم ”شہید“ (1948)، ”ندیا کے پار“ (1949)، ”شبنم“ (1949) اور ”آرزو“ (1950) جیسی ہٹ فلموں میں کام کرنے والی اداکارہ کامنی کوشل 89 سال کی ہیں۔ گزشتہ دنوں کامنی کوشل نے بتایا کہ میں اور دلیپ کمار کافی عرصے سے ایک دوسرے سے نہیں ملے اور نہ ہی کوئی بات ہوئی لیکن انہیں دلیپ کمار کی جانب سے محبت کا اظہار یاد ہے۔ دلیپ کمار کی سوانح عمری میں کامنی کوشل کی جانب کشش کا ذکر ہے۔ دلیپ کمار کو یاد کرتے ہوئے کامنی کوشل نے بتایا میں فلموں کو بہت سنجیدگی سے نہیں لیتی تھی کیونکہ ہمارا کام ہی فلموں میں کام کرنا تھا اور زندگی فلموں سے باہر تھی۔ فلموں کے باہر دلیپ کمار سے میرا رشتہ بہت ہی مختلف تھا۔ انہوں نے بتایا ہاں مجھے معلوم ہے کہ دلیپ کے دل میں کیا تھا۔ ایسا ہوتا ہے، آپ کسی کی جانب کشش محسوس کرتے ہیں، محبت کرتے ہیں لیکن ذاتی زندگی میں آپ کی مجبوریاں ہوتی ہیں جن کے سبب آپ بے بس ہوتے ہیں۔ دراصل جس وقت دلیپ کمار نے کامنی کوشل سے اپنے جذبات کا اظہار کیا تھا اس وقت تک ان کی شادی ہوچکی تھی۔ اس کے بعد کے حالات پر کامنی کوشل کا کہنا تھا مجھ پر میری بہن کی دو بیٹیوں کی ذمہ داری تھی جس کیلئے میں نے اپنی بہن کے شوہر سے شادی کی۔
