ماسکو( ویب ڈیسک ) روسی وزارت دفاع کا طیارہ سائیبر یا میں گر کر تباہ ہو گیا، 27افراد ہلاک اور 12زخمی ہو گئے ۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق روسی وزارت دفاع کا طیارہ آئی ایل18سائیبریا کے علاقے یاکوشیا میں گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں 27افراد ہلاک ہو گئے ،طیارے میںکل 39افراد موجود تھے جن میں سے 32مسافر اور 7کریو ممبر تھے ۔بتا یا جا رہا ہے کہ جہاں حادثہ پیش آیا اس علاقے میں موسم کی صورتحال خراب تھی ۔روس کی ہنگامی وزارت کی جانب سے حادثے کی جگہ پر تین ایم آئی ایٹ ہیلی کاپٹرز امدادی سرگرمیوں کے لیے روانہ کردئیے گئے ۔طیارہ شیڈول پرواز پر روس کے علاقے کنسک سے روانہ ہو ا جس نے ٹسکی جانا تھا لیکن اپنی منزل پر پہنچنے سے 30کلو میٹر پہلے ہی طیارے کو حادثہ پیش آگیا ۔