بیجنگ (خصوصی رپورٹ) چین میں بے وفا شوہروں کی جاسوسی کیلئے خاتون نے دفتر کھول لیا، اس خاتون کو مسٹریس کِلر، غیر ازدواجی تعلقات تباہ کرنے والی اور خواتین کے لیے سراغ رسانی کرنے والی عورت کے القاب دئیے گئے ہیں کیونکہ وہ گزشتہ 15 برس سے ان خواتین کی مدد کررہی ہیں جو اپنے شوہروں کی دوسرے عورتوں میں دلچسپی پر رو رو کر ہلکان ہوتی رہتی ہیں۔چین کی یہ خاتون بے وفا شوہروں کے خلاف ثبوت جمع کرکے متاثرہ خواتین کو بدلہ لینے میں مدد فراہم کررہی ہیں۔ خاتون خود 90 کی دہائی میں اپنے شوہر کی دوسری عورت میں دلچسپی کے عذاب کو جھیل چکی ہیں۔ ان کے شوہر نے بینک اکانٹ الگ کرکے گھریلو اشیا کو بانٹ کر کہا کہ وہ اب اس کے ساتھ نہیں رہنا چاہتے ۔ اس خبر سے خاتون کا دل ٹوٹ گیا لیکن انہوں نے اپنے شوہر کی جاسوسی کرکے اس خاتون کا انکشاف کیا اور اسے بے عزت کرنے کے بعد دوسری خواتین کی مدد کا فیصلہ کیا ۔ اب وہ دوغلے شوہروں کو رنگے ہاتھوں پکڑ کر معاملے کو اختتام تک پہنچاتی ہیں۔خاتون نے اس کام کو انجام دینے کے لیے 2003 میں ایک باقاعدہ ایجنسی کی بنیاد رکھی اور اسے منظم کرنا شروع کیا اور اب خواتین اپنے شوہروں کی جاسوسی کے لیے ان سے رابطہ کرتی ہیں جس کا یہ معاوضہ بھی لیتی ہیں۔59 سالہ خاتون اپنی موکل خواتین کے کہنے پر ان کے بے وفا شوہروں اور ان کی آشنا عورتوں کی جاسوسی بھی کرتی ہیں اور ثبوت جمع کرکے دیتی ہیں۔ وہ کھمبوں، ٹیکسی اور درخت کے عقب میں چھپ کر بھی ثبوت جمع کرتی ہیں۔