گڑھی خدابخش (ویب ڈیسک) سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے اعلان کیا ہے کہ وہ اور بلاول بھٹو زرداری ضمنی انتخابات لڑ کر موجودہ پارلیمینٹ میں جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق آصف علی زرداری نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے میں اس خوشخبری کی بات کرنا چاہتا ہوں جس کا میں نے وطن واپسی پر وعدہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ نوابشاہ سے اپنی بہن فریال تالپور کی نشست سے اور بلاول بھٹو زرداری لاڑکانہ سے ایاز سومرو کی نشست سے ضمنی انتخابات لڑیں گے اور پارلیمینٹ میں جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے جمہوریت کی خاطر سیاست کی خاطر اور پاکستان کو بچانے کیلئے قربانیاں دی ہیں۔ ہمیں یہ افسوس کیساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ اب اس مغل بادشاہ کو ہم نہیں چھوڑیں گے اور اس بات پر ہمارا اٹل فیصلہ ہے۔آصف علی زرداری نے کہا کہ میاں صاحب کو یہ سیاست امانت سمجھ کر دی تھی، آپ یہ الیکشن جیتے تھے اور صرف امانت سمجھ کر سیاست سونپی تھی کیونکہ آپ کے ساتھ مل کر ہم نے ہر فیصلہ کیا تھا۔ پارلیمینٹ میں دونوں جماعتوں نے مل کر فیصلے کئے تھے۔ 18 ویں ترمیم سمیت دیگر فیصلوں پر دونوں نے حامی بھری تھی لیکن افسوس آپ نے ان سب وعدوں کو بھلا دیا۔