لاہور (خصوصی ر پورٹ)تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال اور فروخت کے بعد سرکاری ہسپتالوں میں بھی منشیات فروخت کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق گنگارام ہسپتال کے گائنی آپریشن تھیٹر میں تعینات زکریا نامی ملازم منشیات فروخت کررہا ہے۔ ہسپتال اس ملازم کو چند افسران کی سرپرستی حاصل ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ ہسپتال ملازم زکریا نے ہسپتال میں گروہ بنارکھا ہے جو ہسپتال کے ملازمین کو منشیات سپلائی کرتے ہیں جبکہ باہر سے آنے والے نشہ کے عادی افراد کو مذکورہ ملازم مسافر خانہ کے قریب آپریشن تھیٹر کی چھت پرلے جاتا ہے اور وہاں منشیات کا وزن کرکے بھاری مقدار میں ہیروئن اور چرس فروخت کرتا ہے۔ اسی طرح گلاب دیوی کی پارکنگ میں ہسپتال کا ملازم ہیروئن اور چرس ، افیون فروخت کرتا ہے۔اس ضمن میں ایم ایس گنگارام ہسپتال ڈاکٹر نعمان مطلوب نے بتایا کہ منشیات کے دھندے میں کوئی بھی ملازم ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف محکمانہ کارروائی کے علاوہ فوجداری دفعات کے تحت مقدمات بھی درج کروایا جائیں گے۔انہوں نے مزید بتایا کہ چند ماہ قبل ہسپتال میں تعینات ڈاکٹروں کی گاڑیوں سے بیڑیاں چوری ہو جاتی تھیں جس کے بارے میں مسلسل شکایات کے بعد ذمہ دار ملازمین کی ڈیوٹیاں لگا کر اس گروہ کو پکڑا اور ان کے خلاف ہسپتال میں ہونے والی مختلف وارداتوں کے گیارہ مقدمات درج کروائے گئے۔اسی طرح اس گروہ کو بھی جلد پکڑ کر انہیں ناصرف پولیس کے حوالے کیا جائے گا بلکہ محکمانہ کارروائی کی جائے گی، ایسے ملازمین کو سرکاری نوکری کرنے کا حق نہیں اور ایسے ملازمین کے سرپرستوں کیخلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔