لاہور( این این آئی) ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی والدہ عصمت صدیقی نے کہا ہے کہ اگر پاکستانی حکومت معمولی سے کوشش کرے تو صدر اوبامہ کے عہدہ چھوڑنے سے پہلے عافیہ کو واپس لانے کی امید پیدا ہو سکتی ہے ۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرے وکیل کا خظ آیا ہے جس میں اس نے کہا ہے کہ عافیہ کی رہائی کے لئے وزیر اعظم نواز شریف کے ایک خط کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صدر اوبامہ صدارت کی مدت پوری ہونے سے قبل ایک ہزار لوگوں کو رہا کر چکے ہیں ۔ وقت کم ہے اگر حکومت تھوڑی سی کوشش کرے تو میری بیٹی کو واپس لایا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے میرے سر پر ہاتھ رکھ کر مجھے امی جی کہہ کر یقین دہانی کرائی تھی کہ اب آپ کے مشکل کے دن ختم ہو گئے ہیں ۔ مجھے قوی امیدہے کہ وہ اپنے وعدے کی پاسداری کریں گے۔