تازہ تر ین

پرویز مشرف نے” وطن“ واپس آنے کیلئے بڑی شرط رکھ دی

اسلام آباد (نیٹ نیوز) سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کا کہنا ہے کہ وہ وطن واپس آ کر ججز نظربندی کیس میں عدالت میں پیش ہونا چاہتے ہیں، لیکن انھیں ‘فول پروف’ سیکیورٹی فراہم کی جائے۔ پرویز مشرف نے اپنے وکیل اختر شاہ کے توسط سے اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں دائر کی گئی درخواست میں عدالت سے استدعا کی کہ انتظامیہ کو انھیں سیکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایات دی جائیں۔درخواست کے مطابق پرویز مشرف وطن واپس آکر عدالت میں پیش ہونا چاہتے ہیں، تاہم ان کی جان کو خطرات ہیں، لہذا ان کی وطن واپسی اور عدالت میں پیشی کے موقع پر سکیورٹی فراہم کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں۔مزید کہا گیا کہ جب تک سیکیورٹی انتظامات مکمل نہیں ہوجاتے، پرویز مشرف کو عدالت میں پیشی سے مستثنیٰ قرار دیا جائے۔درخواست میں کہا گیا کہ سیکورٹی اور طبی وجوہات کی بناءپر مشرف کے لیے یہ ‘محفوظ’ نہیں ہے کہ وہ ذاتی حیثیت میں عدالت میں حاضر ہوں۔اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج سہیل اکرام نے سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کی درخواست منظور کرتے ہوئے سیکریٹری داخلہ اور انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس اسلام آباد کو پرویز مشرف کی عدالت پیشی کے موقع پر سیکیورٹی یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔عدالت کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف وطن واپس آنا چاہتے ہیں، لہذا ان کے لیے سیکیورٹی انتظامات مکمل کیے جائیں۔ججز نظر بندی کیس کی آئندہ سماعت 9 فروری کو ہوگی۔مذکورہ کیس کی دسمبر 2016 میں ہونے والی گذشتہ سماعت کے دوران انسداد دہشت گردی عدالت نے مشرف کو ایک ماہ کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے انھیں خبردار کیا تھا کہ اگر وہ عدالت میں پیش نہ ہوئے تو انھیں اشتہاری ملزم قرار دے دیا جائے گا۔ججز کو حبس بے جا میں رکھنے کا کیس سیکریٹیریٹ پولیس اسٹیشن میں 11 اگست 2009ءکو ایڈوکیٹ اسلم گھمن کی شکایات پر درج کیا گیا تھا۔


اہم خبریں





   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain