ماسکو (خصوصی رپورٹ) آج کل کی نوجوان نسل انٹرنیٹ پر محبت کی تلاش میں ڈھیروں وقت برباد کرتی نظر آتی ہے۔ اگرچہ یہ کام لڑکوں کیلئے بھی کچھ کم پرخطر نہیں لیکن انٹرنیٹ پر محبت کی متلاشی لڑکیوں ور خواتین کے ساتھ کیا ہو سکتا ہے۔ اس کا اندازہ روس میں پیش آنے والے بھیانک واقعہ سے کیا جاسکتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق انٹرنیٹ کے ذریعے محبت کی تلاش کرنے والی ایک روسی لڑکی کو ایک سوشل میڈیا ویب سائٹ پر پیار تو مل گیا مگر پہلی ہی ملاقات میں اجنبی دوست نے اس کا سر تن سے جدا کردیا۔ ایکا ترین برگ شہر سے تعلق رکھنے والی کرسٹینا میدے دیوا ایک دکان میں اسسٹنٹ کے طور پر کام کرتی تھی۔ روسی پولیس کا کہنا ہے کہ 22 سالہ کرسٹینا کے لاپتہ ہونے کے تین دن بعد اس کی سرکٹی لاش ملی۔ رپورٹ کے مطابق کرسٹینا لیتسا شہر سے نئی زندگی اور محبت کی تلاش میں ایکا ترین برگ شہر میں آئی تھی۔ وہ اپنی ایک سہیلی کے ساتھ کرائے کے فلیٹ میں رہ رہی تھی اور 24 جولائی کو انٹرنیٹ پر ملنے والے ایک اجنسی کے ساتھ باہر گئی تھی۔ نوجوان لڑکی کے اندوہناک قتل نے سوشل میڈیا پر خواتین کو لاحق خطرات کی بحث ایک بار پھر چھیڑ دی۔ روسی حکام کا کہنا ہے کہ ایسے درندوں کا سراغ لگانے کیلئے ایک نیا نظام وضع کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔