کراچی (صباح نیوز‘مانیٹرنگ ڈیسک) سندھ ہائی کورٹ کے احکامات کے پیش نظر سندھ حکومت کی جانب سے مقرر کردہ مشیروں نے استعفی دینے شروع کردیے، وزیراعلی سندھ کے مزید 5 مشیروں اور معاونین کی چھٹی ہوگئی، مولا بخش چانڈیو، انتھونی نوید، نادر خواجہ، اصغر جونیجو، عمر رحمان سے بھی استعفی لے لیا گیا، اس سے قبل مشیر برائے محنت سعید غنی نے عہدے سے استعفی دے دیا تھا۔ عدالتی فیصلے کے سندھ حکومت پر اثرات نظر آنا شروع ہوگئے، سندھ کابینہ کے غیر منتخب خصوصی معاونین سے استعفے لے لئے گئے، تمام افراد سے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے استعفی لیا۔ وزیراعلی سندھ کے مشیر اطلاعات مولا بخش چانڈیو، مشیر مائنز اصغر جونیو، معاونین، انتھونی نوید، نادر خواجہ اور رحمان ملک کے بیٹے عمر رحمان سے بھی استعفی لے لیا گیا۔اس سے قبل مشیر محنت سنیٹر سعید غنی نے بھی اپنے عہدے سے استعفی دے دیا تھا، اس موقع پر استعفی دینے والے پی پی رہنماوں نے کہا کہ عدالت نے مشیران اور معاون خصوصی سے عہدے واپس لینے کے احکامات جاری کیے تھے، جس کی پاس داری کرتے ہوئے ہم نے استعفی دیا۔ رہنماﺅں نے بلاول بھٹو اور آصف زداری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم پر پارٹی نے اعتبار کیا جسے برقرار رکھنے کے لیے ہم نے اپنے محمکوں میں گڈ گورننس قائم کی تاکہ اس کا فائدہ صوبے کو ہوسکے۔ واضح رہے کہ عدالت عالیہ نے سندھ کابینہ میں شامل خصوصی معاونین اور مشیران کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا تھا۔ سندھ میں پیپلزپارٹی حکومت کے مشیروں کے فارغ ہونے پر پارٹی رہنما عدالتوں پر برس پڑے، سندھ کی عدالتوں کی جانبدار قرار دے کر سخت تنقید کا نشانہ بناتے رہے۔ مختلف ٹی وی چینلز پر پیپلزپارٹی کے اہم رہنما سندھ میں عدالتوں کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے نظر آئے۔ سسی پلیجو نے کہا کہ ایسے فیصلے صرف سندھ میں ہی کیوں نظر آتے ہیں، سندھ کے ساتھ تاریخی ناانصافی ہو رہی ہے۔ پنجاب میں وزیروں کو فوج ظفر موج اور مشیروں کی تعداد کو چیلنج نہیں کیا جاتا۔ عدالت کی تلوار ہمیشہ سندھ حکومت پر ہی کیوں لٹکتی ہے۔ مستعفی ہونے والے وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ہماری پرفارمنس کا فیصلہ کرنے کا حق صرف عوام کو ہے جو الیکشن میں فیصلہ کرتے ہیں، پوچھتا ہوں کہ کیا عوام عدالتوں کی پرفارمنس سے مطمئن ہیں۔ مولا بخش چانڈیو، سعد غنی اور میرا قصور صرف یہ ہے کہ ہم نے سرکاری تباہ حال اداروں کی حالت زار بہتر بنانے کی کوشش کی عدالتوں کو جن عناصر کے خلاف کارروائی کرنا چاہئے نہیں کی جاتی۔