لاہور (خصوصی رپورٹ) میوہسپتال کے نرسنگ ہاسٹل میں بغیر اجازت ڈانس پارٹیاں معمول بن گئی ہیں۔ سرکاری ہسپتالوں میں نرسنگ ہاسٹل میں مردوں کا داخلہ سختی سے ممنوع ہوتا ہے لیکن میوہسپتال کے نرسنگ ہاسٹل میں ڈانس پارٹی میں شرکت کیلئے غیر متعلقہ افراد کو بھی اجازت دی جاتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق میوہسپتال کے نرسنگ ہاسٹل میں غریبوں کا علاج معالجہ گیا بھاڑ میں اور پہلے ڈانس پارٹی ایک معمول بن چکی ہے۔ میوہسپتال کی ڈپٹی نرسنگ سپرنٹنڈنگ کشور عمران نرسوں سے پارٹی کے لیے پہلے پیسے اکٹھے کرتی ہے اور پھر ان کا بھرپور انداز میں انعقاد کرایا جاتا ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈانس پارٹی میں نرسوں کو باقاعدہ فرمائش بھی کی جاتی ہے۔ ذرائع کو موصول ہونے والی فوٹیج میں ڈانس پارٹی میں ڈپٹی چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ کشور عمران اپنے جوان یبٹے کے ہمراہ نرسوں کی ڈانس پارٹی سے محظوظ ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔ اس حوالے سے چیف ایگزیکٹو میوہسپتال پروفیسر ڈاکٹر اسداسلم سے بات کی گئی تو انہوں نے کہا کہ ہسپتال انتظامیہ کی اجازت کے بغیر کسی قسم کی کوئی سرگرمی نہیں ہو سکتی۔ اس حوالے سے ایم ایس میوہسپتال سے بات کی جائے۔ جب ایم ایس میوہسپتال ڈاکٹر خلیل طاہر سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ نرسنگ ہاسٹل میں کسی قسم کی ڈانس پارٹی کے لیے ان سے کوئی اجازت نہیں لی گئی۔ اس پر ڈپٹی نرسنگ سپرنٹنڈنٹ کشور عمران نے ٹیلی فون پر موقف دینے کی بجائے کہا کہ ان سے دفتر میں آ کر بات کی جائے۔