گوجرانوالہ(خصوصی رپورٹ)خود کو حساس ادارے کا افسر اورکبھی کروڑ پتی صنعتکار اور ایکسپورٹر ظاہر کرکے خوبرو اور اعلی تعلیم یافتہ لڑکیوں سے یکے بعددیگرے شادیاں کرنیوالا مرکزی ملزم عابد محمود میٹرک فیل ہے اوریہ تعلیم یافتہ لڑکیوں سے شادیاں رچا کر انہیں ذلت کے گڑھے میں پھینکتا رہا،ملزم عابد نے اپنے موبائل پرشیطانی سافٹ ویئر انسٹال کررکھا تھا ،قابل اعتراض ویڈیوز تیار کرکے اپنی بیویوں کو بد کردار ظاہر کرتا اوروالدین سے رقم بٹورتا ،ملزم عابدمحمود نے 8شادیا ں کرکے لیکچرار اور اعلی ملازمتوں پر فائز لڑکیوں کی زندگیاں بر باد کیں ، بعد میں ان کے زیورات اورجہیز پر قبضہ جما لیتا ،مرکزی ملزم عابد کا مزید ایک روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا اورملزمان سے برآمد ہونے والے لیپ ٹاپ اورموبائل فونز تجزیاتی رپورٹ کے حصول کی غرض سے فرانزک لیبارٹری کو لاہوربھجوادیئے گئے ، 5ساتھیوں کو بھی گرفتار کرلیاگیا ، بھابی بن کر رشتے کرانیوالی ملزمہ سعدیہ آصف تاحال روپوش ہے ، پولیس لوٹی گئی رقم برآمد کرنے میں ناکام ہوگئی۔تفصیلات کے مطابق ملزم عابدنے پہلی شادی جڑانوالہ کی فوزیہ یوسف سے کی، جس کے بطن سے ملزم کی ایک ڈیڑھ سالہ بیٹی ہے ، ملزم نے دوسری شادی پیپلز کالونی گوجرانوالہ کی جویریہ سے کی تیسری شادی شکر گڑھ کی ارشاد سے چوتھی محلہ محمد پورہ سیالکوٹ کی عاصمہ اسلم سے جبکہ پانچویں شادی میانہ پورہ سیالکوٹ کی حافظہ شازیہ اویس سے رچائی ۔ پولیس ملزم کی نوشیہ ،صفیہ اورشمشاد نامی باقی تین بیویوں کی تلاش میں ہے ۔ ملزم خود کو کنوارہ ظاہر کرکے اعلی تعلیم یافتہ لڑکیوں سے شادیاں کرتا بعدازاں ان کے زیورات اورجہیز کے سامان پر قبضہ جمالیتا ،ملزم اوراس کے نام نہاد بڑے بھائی بینک منیجر محمد آصف اوراس کی بیوی سعدیہ آصف کے دھوکے میں آکر ملزم کے ساتھ اپنی بیٹیوں کی شادیاں کرنے والے بدقسمت والدین نے بتایا کہ ملزم نے جن لڑکیوں کے ساتھ شادیاں کی ہیں ان میں لیکچرار ، اور اعلی ملازمتوں پر فائز لڑکیاں بھی شامل ہیں ۔ڈی پی او سیالکوٹ ڈاکٹر عابد خاں نے بتایا کہ دھوکہ دہی سے خوبرو لڑکیوں کو ورغلا کر ان سے شادیاں رچانے والے ملزم عابد محمود اور اس کے ساتھی6 ملزموں کے خلاف تھانہ کوتوالی اورتھانہ حاجی پورہ میں زیر دفعات 419/420/466مقدمات کااندراج کرلیا گیا ہے جبکہ ملزم کے ساتھی محمد اکرم ولد جھنڈے خاں گجر ،اعجاز احمد ولد فقیر سائیں ،ثنا اللہ ولد محمد بوٹا ،خلیل احمد ولد فتح محمد اور بینک منیجر محمد آصف ولد خورشید کو گرفتار کرلیا گیا ہے البتہ ایک ملزمہ سعدیہ آصف جو بینک منیجر محمد آصف کی بیوی ہے تاحال مفرور ہے جس کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ ڈی پی او کے مطابق ایس پی انویسٹی گیشن سیالکوٹ سیدہ رفعت بخاری کی زیر قیادت تفتیشی ٹیم کیس کی تحقیقات میں مصروف ہے ۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ملزم، اس کے ضامن،گواہ اور سرپرست جتنے بھی بااثر ہوں سخت قانونی کارروائی سے نہیں بچ پائیں گے ۔ نیز متاثرین کو انصاف کی فراہمی میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا ۔متاثرہ خواتین اور ان کے غمزدہ والدین نے وزیر اعلی پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ اس گھنانے دھندے میں ملوث ملزموں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے اور ان کی قانونی داد رسی کی جائے ۔ ویڈیو سیکنڈل کیس میں ملزم عابد نے فوزیہ یوسف سے 20ستمبر2014 میں پہلی شادی کی جس میں ملزم کے والدین بھی شریک تھے اور اس سے جہیز کا سامان چھیننے کے بعد اسے گھر سے نکال دیا۔ بعد ازاں فوزیہ کے بطن سے ملزم کی ایک بیٹی بھی پیدا ہوئی ۔دوسری طرف حاجی پورہ پولیس نے مرکزی ملزم عابد محمود سکنہ ممکے تحصیل شکر گڑھ اوربینک منیجرآصف کوعلاقہ مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا اور مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔عدالت نے مرکزی ملزم عابد محمود کا مزید ایک روزہ جسمانی ریمانڈ جاری کر دیا جبکہ ملزم آصف کو چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر ڈسٹرکٹ جیل سیالکوٹ بھجوا دیا تاہم ملزم آصف کی بیوی سعدیہ آصف جو متاثرہ خواتین کے اہلخانہ کوملزم عابد محمود کی بھابی بن کر ملتی رہی تاحال روپوش ہے اور تھانہ حاجی پورہ اورتھانہ کوتوالی مقدمات درج ہونے کے باوجود شکرگڑھ میں اپنے بااثر خاندان کے ہاں چھپی بیٹھی ہے ملزمہ سعدیہ آصف کو پولیس گرفتار کر نے سے قاصر ہے ۔ملزم نے اپنے ساتھیوں آصف محمود ،سعدیہ آصف کے ہمراہ گینگ بنا کرفوزیہ یوسف،جویریہ، عاصمہ اسلم ،نوشیہ ،ارشاد بیگم ،صفیہ ،شمشاداور حافظہ شازیہ سے شادیاں کیں اور ان کی قابل اعتراض ویڈیوز تیار کرتارہا اور اپنی بیویوں کواپنے نامعلوم ساتھیوں سے منسوب کرکے اورانہیں بد کردار ظاہر کر کے ن کے والدین اوراہلخانہ کو بلیک میل کرتا اور ان سے رقوم وصول کرتا رہااور انکار کرنے پر گھر سے نکال دیتااور ان کے زیورات وجہیز ہڑپ کر کے اپنے آبائی گھر شکرگڑھ منتقل کر دیتا،ملزم موبائل پر ایپ سافٹ وئیر استعمال کرتا اور خود ہی برہنہ ویڈیوزبناکر اپنی بیویوں اور ان کے اہل خانہ کو بلیک میل کرتا ۔متاثرہ خواتین اور انکے اہل خانہ نے وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ گھنا نے دھندے میں ملوث گروہ کے تمام کرداروں کو گرفتار کر کے ان سے لوٹی گئی رقوم ،جہیز اور زیورات برآمد کئے جائیں اور ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے ۔