خواب میں درندہ دیکھنا ظالم ، غاصب اور مسلط بادشاہ کی دلیل ہے، اور کبھی درندہ کا دیکھنا موت پر دلیل ہے،اس لئے کہ وہ ارواح کو شکار کرتی ہے، اور کبھی درندہ کا دیکھنا مریض کی عافیت پر دلیل ہوتا ہے۔ اور شیرنی شریر اور ظالم عورت ہے، اور تیز درندہ کا دیکھنا جہالت، غرور تکبر، مخالفت اور ضدوہٹ دھری کی دلیل ہے اور بعض کہتے ہیں کہ خواب میں شیر مسلط دشمن ہے اور جو شخص درندہ کو ایسی جگہ سے خواب میں دیکھے جہاں سے وہ دیکھتا ہو تو اس کی تعبیر یہ ہے کہ خواب دیکھنے والا جس چیز سے خوف رکھتا ہے اس سے نجات پائے گا اور علم و حکمت حاصل کرے گا اور جو درندہ کو دیکھے کہ وہ اس کے قریب ہوا ہے تو اسکو بادشاہ کی طرف سے کوئی پریشانی پہنچے گی بھر اس سے نجات پائے گا اور جو شخص خواب میں درندہ کو دیکھے کہ اس نے اس کو پچھاڑا ہے لیکن قتل نہیں کیا ہے تو اس کو ہمیشہ بخار رہے گا، کیوں کہ درندہ کو ہمیشہ بخار رہا کرتا ہے، یا وہ شخص قید کیا جائے گا ، اس لئے کہ بخار اﷲ تعالیٰ کی جیل ہے اور جو دیکھے کہ وہ درندہ کر پچھارتا ہے تو وہ بیمار ہو گا، اس لئے کہ مرض جسم کو ہلاک کر دیتا ہے، جو شخص درندہ کو پچھارے تو اس کا گوشت تلف ہو گا اور جو دیکھے کہ اس نے درندہ کا گوشت یا اس کی ہڈی یا اس کا بال لیا ہے تو وہ بادشاہ سے مال حاصل کرے گا، یا وہ کوئی مسلط دشمن ہے۔ اور جو دیکھے کہ درندہ پر سوار ہوا ہے اور وہ اس سے خوفزدہ ہے تو وہ کسی مصیبت سے دوچار ہو گا جس سے نکلنے کی وہ طاقت نہ رکھ سکے گا اور جو شخص دیکھے کہ وہ درندہ کے ساتھ لیٹاہے اور اس سے خوفزدہ نہیں ہے تو وہ بیماری سے محفوظ ہو گا اور جو دیکھے کہ درندہ گھر میں داخل ہوا ہے اور اس گھر میں کوئی مریض ہے تو وہ وفات پائے گا اور اگر اس میں کوئی مریض نہیں ہے تو یہ بادشاہ کے خوف اور ڈر کی دلیل ہے اور جو خواب میں دیکھے کہ وہ کسی درندہ سے ڈر رہا ہے لیکن اس کو نہیں دیکھتا تو وہ دشمن سے محفوظ ہو گا اور جو دیکھے کہ اس نے درندے کا مشاہدہ بھی کیا ہے اور وہ اس کے پاس ہے لیکن وہ اس سے ملتا نہیں ہے تو اسکو بادشاہ کی طرف سے کوئی پریشانی پہنچے گی لیکن اسکو نقصان نہیں ہو گا اور کبھی درندہ کا دیکھنا موت پر اور اجل ( موت) کے قریب آجانے کی دلیل ہوتا ہے اور جو شخص اپنے گھر میںدرندہ دیکھے تو اس کو بادشاہت اور طویل حیات حاصل ہو گی اور جو درندہ کو دیکھے کہ اس نے درندہ سے لڑائی کی ہے تو وہ مسلط دشمن سے لڑائی کرے گا جو دیکھے کہ وہ شیرنی سے شادی کرتا ہے تو وہ بہت سی مصیبتوں سے نجات پائے گا اور اپنے دشمن پر غالب آئے گا اور اس کے امور غالب دہیں گے اور لوگوں میں شہرت پائے گا اور جو دیکھے کہ وہ زندہ کا گوشت کھا رہا ہے تو اسے بادشاہ کی طرف سے مال و دولت حاصل ہو گا، یا وہ دشمن پر غالب آئے گا اور جو یہ دیکھے کہ اس نے درندہ کا سر کھایا ہے تو اس کو عظیم سلطنت اور مال کثیر حاصل کرے گا اور درندہ خواب میں لڑائی کرنے والے چور، ڈاکو، ظالم افسر اور پولیس کے افسر وغیرہ پر دلیل ہوتا ہے اور درندہ کا کسی شہر میں داخل ہونا اس بات کی علامت ہے کہ اس شہر میں طاعون کا مرض یا کوئی مصیبت یا دشمن یا ظالم بادشاہ داخل ہو گا، لیکن مسجد میں اگر درندہ آتا ہے اور منبر پر بیٹھا ہے تو یہ بادشاہ کی علامت ہے جو لوگوں پر ظالم کرتا ہے اور اس بادشاہ سے لوگوں کو بلاومصیبت پہنچے گی اور درندہ کا بچہ دیکھنا اولاد ہے اور بعض کہتے ہیں کہ جو شخص خواب میں دیکھے کہ گویا اس نے کسی درندہ کو قتل کیا ہے تو وہ تمام غموں اور پریشانیوں سے نجات پائے گا اور جو شخص کسی درندہ کی صورت بنا ہو تو وہ اس حالت کے بقدر ظالم ہو گا اور بعض کہتے ہیں کہ شیرنی بادشاہ کی بیٹی ( شہزادی) ہے۔