تازہ تر ین

برفانی تودہ گرنے سے گھر،چیک پوسٹ تباہ, 17جاں بحق

چترال/اسلام آباد/پارہ چنار(اے این این) خیبر پختون خوا کے ضلع چترال میں برفانی تودوں نے 5گھر اور فوجی چیک پوسٹ روند ڈالی،17افراد جاں بحق،7فوجیوں سمیت 19زخمی ہو گئے ، مرنے والوں میں 6خواتین،6بچے اور 2مرد شامل ،پہلا تودہ شیر سال کے مکان پر گھروں پر گرا،دوسرا تودہ پاک فوج کی ارندو چیک پوسٹ پر گرا،راستے بند ہونے کی وجہ سے امدادی سرگرمیوں میں مشکلات کا سامنا،خراب موسم کے باعث ہیلی کاپٹر بھی نہیں جا سکتا،ملبے میں مزید افراد کے دبے ہونے اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ،وزیر اعظم کا اظہار افسوس،وفاقی او صوبائی حکومتوں کو فوری امدادی کارروائیوں کی ہدایت کر دی ۔تفصیلات کے مطابق خیبر پختون خوا کے بالائی ضلع چترال کی تحصیل گرم چشمہ کے گاﺅں شیرشال میں ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب برفانی تودے نے 5گھر روند ڈالے جس کے نتیجے میں 14افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ 13کو زندہ نکال لیا گیا جن میں سے دو شدید زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔ملبے میں مزید افراد کے دبے ہونے اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ جن 14افراد کی لاشیں نکالی گئی ہیں ان میں 6خواتین ،6بچے ،2مرد شامل ہیں ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ راستے بند ہونے کے باعث زخمیوں کو اسپتال پہنچانے میں مشکلات کا سامنا ہے ۔برفباری کی وجہ سے راستے بند ہیں اورامدادی ٹیمیں پیدل ہی جائے حادثہ پہنچنے کی کوشش کر رہی ہیں ۔پولیس نے بتایا کہ برفانی تودہ گرنے کی وجہ سے لاپتہ ہونے والے افراد کی حتمی تعداد سے متعلق کچھ نہیں کہا جاسکتا۔مقامی سطح پر لوگوں نے امدادی کاروائی شروع کردی ہے ،امدادی ٹیمیں پیدل روانہ کردی گئی ہیں،برف کے باعث گاڑیاں اورگہرے بادلوں کی وجہ سے ہیلی کاپٹر بھی نہیں جاسکتا۔پولیس کے مطابق شیرسال کے مقام پر برفانی تودہ گرنے سے5مکان دب گئے ہیں،پولیس کا کہنا ہے کہ برفانی تودے تلے متعدد افراد کے دب جانے کا خدشہ ہے۔مٹی کے تودے گرنے کے باعث شاہراہ قراقرم کئی مقام سے بندہے۔سرکاری ریڈیونے بھی 5مکانات تباہ ہونے کی خبر دی ہے ۔ادھر ضلع چترال میں ہی واقع پاک فوج کی ارندو چیک پوسٹ پر بھی برفانی تودہ گرنے سے 7 اہلکار ملبے تلے دب گئے، جنہیں فوری طور پر نکال لیا گیا۔برفانی تودہ گرنے کی وجہ سے 7 اہلکار معمولی زخمی ہوئے، جنہیں بعد ازاں ہسپتال منتقل کردیا گیا بعد میں ارشاد نامی ایک اہلکار دم توڑ گیا۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق برفانی تودہ گرنے کی وجہ سے چیک پوسٹ کو شدید نقصان پہنچا، تاہم واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ وزیراعظم نوازشریف نے برفانی تودہ گر نے سے جانی نقصان پراظہارافسوس کیا ہے اور وفاقی وصوبائی اداروں کو فوری امدادی کارروائی کی ہدایت کی ہے ۔وزیراعظم نے این ڈی ایم اے کو فوری امدادی کارروائیاں شروع کرنے اورمتاثرین کو خوراک، طبی امداد اور پناہ مہیا کرنے کی ہدایت کردی ۔ انھوں نے متاثرہ علاقوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر نے کی بھی ہدایت کی ہے ۔وزیراعلی خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے بھی ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ کو متاثرین کی ہر ممکنہ مدد کرنے کی ہدایات کیں۔افسوس ناک واقعے پر وزیر اعلی بلوچستان میر ثنا اللہ زہری نے بھی افسوس کا اظہار کیا۔پاک فوج کے تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے برف باری سے متاثرہ علاقوں میں امداد اوربحالی کی بروقت اورموثر کارروائی کیلئے قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی اور صوبائی اداروں اورمقامی انتظامیہ کو زیادہ سے زیادہ تعاون فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔آرمی چیف نے بھی ہدایت کی ہے کہ پاک فوج ،این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے ،سول انتظامیہ کی مدد کرے۔جنرل باجوہ نے علاقے میں پاک فوج کے جوانوں کو بھی امدادی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی ہدیت کی۔فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق چترال کی تحصیل گرم چشمہ کے دیہات شیر شال میں ایف سی کے اہلکار گزشتہ رات سے برفانی تودے تلے دبے افراد کو نکالنے کیلئے سول انتظامیہ اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے صوبائی ادارے کی مدد کررہے ہیں۔پشوتان میں چترال سکاﺅٹ کی ایک چوکی مٹی کے تودے کی زد میں آنے سے ایک ایف سی اہلکار بھی شہید اور چھ زخمی ہوگئے،اہلکاروں کو برفانی تودے سے نکال لیا گیا ہے ۔چترال کے علاقے شیرسال میں برفانی تود ہ مکانوں پرگرنے کے بعد ریسکیو آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے، آئی ایس پی آر کا کہناہےکہ 7 لاشیں اور دو زخمی نکالے گئے،چترال اسکاوٹ کے جوان ارشاد نے جام شہادت نوش کیاہے۔ موسم ٹھیک ہونے پر آرمی ہیلی کاپٹرسے ریلیف آپریشن شروع کیا جائے گا۔آئی ایس پی آرکے مطابق چاغی میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن مکمل کرلیا گیا، پی ڈی ایم اے نے ایف سی کی مدد سے108افراد کو نوشکی پہنچا دیا گیا۔کمانڈنٹ چترال اسکاوٹس نظام الدین نے میڈیا سے گفتگو میں تصدیق کی ہے کہ برفانی تودے گرنے سے جاں بحق ہونے والی چھ خواتین ،چھ بچوں اور دو مردوں کی لاشیں نکال لی گئی ہیں ۔کمانڈنٹ چترال اسکاوٹس نظام الدین شاہ نے چترال کے متاثرہ گاﺅں میں صرف 5 مکان تھے، 2 مکانات پہلے ہی خالی کرالیے تھے جبکہ3مکانوں میں 13 افراد تھے۔چترال کے ضلعی ناظم مغفرت شاہ نے بتایا کہ شوغور کے نواحی علاقے شیر سال میں رات دیر گئے برفانی تودہ گرنے کا واقعہ پیش آیا، جس وجہ سے 25 سے زائد گھر برفانی تودے کی زد میں آئے، لیکن تودے تلے دب جانے والے افراد کی حتمی تعداد سے متعلق کچھ نہیں بتایا جا سکتا۔ضلعی ناظم کا کہنا تھا کہ علاقے میں 2 روز سے جاری برفباری کے باعث متعدد خاندان پہلے ہی محفوظ مقامات پر منتقل ہوچکے تھے، مگر کئی خاندان اب بھی علاقے میں موجود ہیں۔واضح رہے کہ چترال سمیت ملک کے دیگر علاقوں میں بھی برفباری کا سلسلہ جاری ہے، شانگلہ میں برفباری اور جگہ جگہ لینڈ سلائینڈنگ کی وجہ سے سڑکیں بند ہوگئیں، جب کہ لینڈ سلائینڈنگ کی زد میں ایک گاڑی بھی آگئی، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔گلگت بلتستان میں بھی برفباری اور لینڈ سلائینڈنگ کے باعث گلت بلتستان کا ملک کے دیگر حصوں سے زمینی رابطہ عارضی طور پر منقطع ہوگیا۔دوسری جانب پارہ چنار میں بھی شدید برفباری کے باعث لوگ گھروں میں محصور ہوگئے اور کاروبار زندگی مفلوج ہوگئی۔ایبٹ آباد میں بھی برفباری کے باعث سیاحوں اور مقامی افراد کی متعدد گاڑیاں گزشتہ رات سے راستوں میں پھنسے ہونے کی اطلاعات ہیں۔ پھنسی ہوئی گاڑیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، زیادہ تر گاڑیاں سیاحوں کی ہیں، جب کہ شدید برفباری کی وجہ سے سڑک کو صاف کرنے والی مشینری بھی پھنس گئی۔ایبٹ آباد کے ایوبیہ اور شانگلہ کے علاقوں سمیت مانسہرہ اور ہزارہ ڈویژن کے بالائی پہاڑی مقامات پر بھی برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ادھر ملک کے مختلف علاقوں میں گزشتہ دو دن وقفے وقفے سے جاری بارش اور تیز ہواں کے چلنے کی وجہ سے سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگیا۔ افغان سرحد سے منسلک پاکستان کے قبائلی علاقے کرم ایجنسی کے گاو¿ں گوز گارہی میں مکان کی چھت گر جانے کے باعث ایک دو سالہ بچہ اور اس کی والدہ جاں بحق ہوئے۔بلوچستان کے علاقے چاغی سے نوشکی جانے والی ایک بارات کی 6 گاڑیاں زاروچا کے علاقے میں راستہ بھٹک جانے کے باعث لاپتہ ہوگئیں تھی اور سخت سردی کے باعث ایک بچہ ہلاک اور 6 افراد بہوش ہوگئے تاہم بعد ازاں دیگر باراتیوں کو ریسکیو کرلیا گیا۔


اہم خبریں





   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain