برازیلیا (خصوصی رپورٹ) یوں تو محبت کا دورہ انسان کو کسی بھی عمر میں پڑ سکتا ہے لیکن پھر بھی یہ بات حیرت انگیز لگتی ہے کہ کسی کو 106 سال کی عمر میں عشق ہو جائے اور عشق بھی ایسا منہ زور کہ کسی کے کہنے میں نہ آئے۔ رپورٹ کے مطابق برازیلین بڑھیا ولادی میرا راڈی گیز ڈی اولیویرا کو 66 سالہ شخص اپاری سیڈو ڈیاس جیکب سے محبت ہو گئی وہ دونوں گزشتہ تین سال سے جنوب مشرقی برازیل کے اولڈ ہاﺅس میں مقیم ہیں جہاں انہیں پیار سے والڈا اور جیکو کہا جاتا ہے ۔ اولڈ ہاﺅس میں ان کی منگنی کے موقع پر ایک پررونق تقریب منعقد کی گئی جس میں ہر کوئی خوشی کے شادیانے بجاتا نظر آیا۔ والڈ انے جیکو سے منگنی کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا مجھے اس سے محبت ہوگئی تھی میں اسے بہت پسند کرتی ہوں اگر وہ اس دنیا میں نہ رہا تو میں بھی نہیں رہوں گی۔اولڈ ہاﺅس میں خدمات سرانجام دینے والی خاتون فیبیان زیفرون کا کہنا تھا کہ معمر افراد کے خوابوں کو پورا کرنے کے لئے پراجیکٹ ڈریمز کے نام سے ایک منصوبے کا آغاز کیاگیا تھا ۔ اس منصوبے کے تحت معمر افراد سے پوچھا گیا کہ ان کی سب سے بڑی خواہش کیا ہے ۔ والڈا اور جیکو سے یہی سوال کیا گیا تو انہوں نے ایک دوسرے کے ساتھ شادی کی خواہش کا اظہار کردیا،منگنی کی تقریب میں والڈا سفید عروسی لباس پہن کر شریک ہوئیں جبکہ اس موقع پر مہمانوں کے لئے شاندار دعوت اور موسیقی کے لئے ایک خصوصی بینڈ کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔