نیو دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی فوج خود کو دنیا کی طاقتور افواج میں شمار کرتی ہے اور اس کی خفیہ ایجنسی را خود کو دنیا کی ہوشیار ترین خفیہ ایجنسیوں میں لیکن عالم یہ ہے کہ ایک پٹواری اور چند سرکاری افسران نے مل کر دنیا کی اس ہوشیار ایجنسی کی حامل طاقتور فوج کو ایسا چونا لگا دیا کہ اب شرم سے منہ چھپاتی پھر رہی ہے۔ ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ پٹواری اور افسر باہم ملی بھگت سے ایسی زمین کا بھارتی فوج سے کرایہ وصول کرتے رہے جو دراصل آزاد کشمیر میں موجود تھی۔ رپورٹ کے مطابق ایک سب ڈیفنس سٹیٹ آفیسر آر ایس چندر وینشی اور مقبوضہ کشمیر کے علاقے نوشہرہ کے پٹواری درشن کمار نے کچھ اور لوگوں کے ساتھ مل کر بھارتی فوج کو دھوکہ دینے کا منصوبہ بنای اور جعلی کاغذات بنا کر فوج کو بھجوا دیئے۔ ان کاغذات میں جو زمین بتائی گئی وہ دراصل آزادکشمیر میں واقع تھی لیکن انہوں نے لکھا کہ یہ زمین بھارتی فوج کے زیراستعمال ہے لہٰذا اس کا کرایہ ادا کیا جائے۔ اس طرح انہوں نے فوج سے 6 لاکھ بھارتی روپے تقریبا 9 لاکھ 32 ہزار ہتھیا لیے۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق 1969-70 کی جمع بندی کے مطابق جو زمین ان لوگوں نے بھارتی فوج کے زیراستعمال بتائی وہ خسرہ نمبر 3035,3041.3045.300 تھی جو پاکستان میں موجود ہے۔ سی بی آئی اور دیگر بھارتی تفتیشی ادارے اپنی فوج کے ساتھ ہونے والے اس فراڈ کی تحقیقات کر رہے ہیں۔