لاہور (خصوصی رپورٹ) حساس اداروں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اطلاع دی ہے کہ دہشت گردگوادر اور کاشغر کے درمیانی سی پیک روٹ سمیت اہم شخصیات کو نشانہ بنانے کی پلاننگ کر رہے ہیں۔ اس مقصد کیلئے افغانستان سے راکٹ لانچرز، آئی ای ڈیز اور بارودی سرنگیں پاکستان منتقل کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق حساس اداروں کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گوادر تا کاشغر روٹ کو اس وقت نشانہ بنایا جانے کا امکان جس وقت کارگو یا آرمی کی گاڑیاں سڑک سے گزر رہی ہونگی۔ حساس اداروں کی طرف سے جاری ہونے والے تھریٹ الرٹ 059 میں مزید کہا گیا ہے کہ دہشت گرد اہم سرکاری ہسپتالوں، سکولز اور اہم شخصیات کو بھی دہشت گردی کا نشانہ بنا سکتے ہیں جس کے پیش نظر سکیورٹی کو اپ گریڈ کیا جائے۔ حساس اداروں کی اطلاع پر صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے، آئی جی پنجاب مشتاق احمد سکھیرا کی طرف سے تمام سی پی اوز اور ڈی پی اوز کو حکم دیا گیا ہے کہ اہم مقامات کی سکیورٹی نئے سرے سے ترتیب دی جائے۔ لاہور میں گزشتہ ایک ہفتے سے ہر تھانے کی حدود میں ناکہ لگا کر چیکنگ بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور کو دہشت گردی کا شدید خطرہ ہے چند روزقبل رایو پل سے ایک دہشت گرد کو بھی گرفتار کیا گیا تھا جس کی نشاندہی پر اس کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر ہر ڈویژن میں ڈویژنل ایس پیز کی زیرنگرانی سرچ آپریشن کاسلسلہ بھی جاری ہے۔ حساس اداروں کی اطلاع پر ڈی آئی جی آپریشن ڈاکٹر حیدراشرف نے سکیورٹی کو مزید موثر بنانے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ تمام ڈویژنل ایس پیز کو تھانہ کی سطح پر سرچ آپریشن کرنے اور روزانہ رپورٹ ڈی آئی جی آپریشن آفس بھجوانے کے احکامات جاری کیے ہیں۔