نئی دہلی (نیٹ نیوز) بھارت نے ایک ایسے ’انٹرسیپٹر‘ میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے جو بیلسٹک میزائلوں سے کیے جانے والے حملوں کی صورت میں ایسے میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کر سکتا ہے۔ اس نئے میزائل کا تجربہ گزشتہ روز کیا گیا۔ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی سے ملنے والی نیوز ایجنسی ڈی پی اے کی رپورٹوں کے مطابق بھارت کے خلاف کسی حملے کی صورت میں فائر کیے گئے کسی بھی بیلسٹک میزائل کو فضا میں ہی نشانہ بنا کر تباہ کر سکنے والے اس نئے میزائل کا تجربہ آج ہفتے کی صبح مشرقی بھارتی ریاست اڑیسہ کے قریب ساحلی علاقے میں کیا گیا۔ بھارت کی دفاعی تحقیق اور ترقی کی تنظیم ڈی آر ڈی او (DRDO) کے مطابق یہ نیا ’انٹرسیپٹر‘ میزائل گزشتہ صبح پونے آٹھ بجے اڑیسہ کے قریب سمندر میں وہیلر آئی لینڈ سے فضا میں فائر کیا گیا اور اس کے ذریعے ایک بیلسٹک میزائل کو سو کلومیٹر کی بلندی پر کامیابی سے فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا۔ اس تناظر میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے گزشتہ روز ہی کے روز ریاست اتر پردیش میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا، ” بھارتی ماہرین نے ایک ایسے میزائل کا کامیاب تجربہ کر لیا ہے، جو بھارت کی طرف بڑھتے ہوئے بیلسٹک میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کر سکتا ہے۔ یہ کامیابی آج تک صرف چار پانچ ممالک ہی حاصل کر سکے ہیں۔“ڈی پی اے کے مطابق یہ نیا انٹرسیپٹر میزائل دو مراحل پر مشتمل ایک ایسا میزائل ہے، جس کی تیاری ڈی آر ڈی کے انڈین بیلسٹک میزائل ڈیفنس پروگرام کے ایک حصے کے طور پر عمل میں آئی ہے۔یہ مکمل طور پر خودکار میزائل سسٹم کمپیوٹرز، سینسرز اور لانچرز کے ایک ایسے نیٹ ورک کے ساتھ کام کرتا ہے۔
