لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے) پنجاب حکومت سے کامیاب مذاکرات کے بعد دواساز کمپنیوں اور میڈیکل سٹورز مالکان نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ دوا ساز کمپنیوں اور میڈیکل سٹورز مالکان کے وفد نے حکومتی وفد سے ملاقات کی جس میں جعلی ادویات فروخت کرنے والوں کیخلاف سخت سزائیں مقرر کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے پنجاب ڈرگ ایکٹ میں ترمیم کیلئے 5 رکنی کمیٹی قائم کردی۔ یہ کمیٹی ڈرگ ایکٹ میں ترمیم شدہ جرمانوں اور سزاﺅں پر نظرثانی کرے گی۔ واضح رہے کہ پنجاب ڈرگ ایکٹ میں ترمیم کے خلاف دوسا ساز اور دوا فروشوں کیجانب سے تین روز سے ہڑتال جاری تھی جس کی وجہ سے مریضوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ پیر کو ہڑتال کے پہلے روز دوا سازوں کے احتجاج پر یہ لاہور میں پنجاب اسملی کے باہر خودکش حملہ ہوا تھا جس میں کئی قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا تھا۔





































