لاہور (خصوصی رپورٹ) پنجاب میں دہشت گردوں، تخریب کاروں کے خلاف بڑے آپریشن کیلئے پنجاب کی منتخب قیادت اور مسلح افواج کے ذمہ داران آج لاہور میں اہم فیصلے کریں گے۔ طویل عرصہ کے بعد لاہور میں اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں سانحہ مال روڈ کی تحقیقات میں ہونے والی پیشرفت سمیت بعض اہم واقعات پر تحقیقاتی اداروں کی رپورٹیں بھی زیرغور آئیں گی۔ پنجاب حکومت کے ذرائع کے مطابق آج اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں دہشت گردی کی بیخ کنی اور اس کو توڑنے کے حوالے سے اہم فیصلے ہونگے اور سکیورٹی اقدامات پر انتظامی حکام اپنی رپورٹ دیں گے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے بھی اجلاس کو آگاہ کیا جائے گا۔ بعض حساس اضلاع میں پولیس کی مدد کے لیے رینجرز تعینات کرنے کی تجویز بھی زیر غور آ سکتی ہے۔ شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں کور کمانڈر لاہور، پنجاب کے انتظامی حکام، انٹیلی جنس اداروں کے ذمہ داران شریک ہونگے۔ اہم فیصلے ہونگے۔
لاہور (خصوصی رپورٹ) پنجاب حکومت نے جماعتہ الدعوة کے سربراہ حافظ محمد سعید، ان کے ایک قریبی ساتھی قاضی کاشف سمیت دیگر رہنماﺅں کے نام فورتھ شیڈول میں شامل کردیئے جبکہ حافظ سعید کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں بھی شامل کردیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹ میں پولیس افسر کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ محکمہ انسداد دہشت گردی نے وفاقی وزارت داخلہ کے حکم پر جماعتہ الدعوة کے سربراہ کا نام فورتھ شیڈول فہرست میں شامل کیا ہے جس میں پہلے سے 1450 افراد کے نام موجود ہیں۔ جماعتہ الدعوة کے تین دیگر افراد جن کے نام فورتھ شیڈول میں شامل کیے گئے ہیں ان میں فیصل آباد سے عبداللہ عبید اور مریدکے کے مرکز طیبہ سے ظفر اقبال اور عبدالرحمن عابد شامل ہیں۔ ان 5افراد کو جماعتہ الدعوة اور فلاح انسانیت فانڈیشن کا ”سرگرم رکن“ قرار دیا ہے۔ سی ٹی ڈی افسر نے بتایا کہ گوانتاناموبے سے پاکستان منتقل ہونے والے 3قیدیوں کے نام بھی فورتھ شیڈول میں شامل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ خیال رہے کہ حافظ سعید کو 30 جنوری 2017 ءکو ان کے گھر پر نظر بند کردیا گیا تھا۔
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) حالیہ دہشت گردی کے بعد ملک بھر میں سکیورٹی فورسز نے کومبنگ آپریشن تیز کر دیا۔ لیہ میں فورسز نے ایک کارروائی کے دوران 5دہشت گرد ہلاک جبکہ کریک ڈاﺅن کے دوران 82مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق سکیورٹی فورسز کی تازہ کارروائی کے دوران لیہ میں جماعت الاحرار کے 5دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔ ادھر حافظ آباد‘ ملتان اور خیرپور میں کریک ڈاﺅن میں 82مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ حافظ آباد میں آپریشن کے دوران 13افغانیوں سمیت 73افراد کو حراست میں لیا گیا۔ ملتان میں 7جبکہ خیرپور میں رینجرز نے کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے 2کارندوں کو پکڑ لیا۔ گرفتار افراد سے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد‘ تحقیقات کیلئے مشتبہ افراد کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔
کومبنگ آپریشن